Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تھائی لینڈ: 11 سالہ بچے نے گاڑی مذہبی جلوس پر چڑھا دی، 9 بدھسٹ راہب ہلاک

تھائی لینڈ میں بدھسٹ راہبوں کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے موکداہان میں ایک حادثے میں نو بدھسٹ راہب اس وقت ہلاک اور 10 سے زائد شدید زخمی ہو گئے جب ایک 11 سالہ بچے نے اپنے والدین کی پک اپ گاڑی بے قابو ہو کر ان کے مذہبی جلوس پر چڑھا دی۔
مقامی حکام اور پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب 35 راہبوں اور پانچ عقیدت مندوں پر مشتمل ایک گروپ اپنی مذہبی یاترا کے سلسلے میں سڑک کے کنارے پیدل جا رہا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی انتہائی تیز رفتار میں تھی جس کے باعث راہبوں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں حادثے میں بال بال بچ جانے والے ایک راہب پھرا سومپونگ نے بتایا اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں نے ایک بچے کو پک اپ ٹرک چلاتے ہوئے اپنی طرف آتے دیکھا۔ اس وقت میں منتر پڑھ رہا تھا کہ اچانک ٹرک پوری رفتار سے ہم سے آ ٹکرایا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اور میرا ایک ساتھی بروقت چھلانگ لگا کر بچنے میں کامیاب رہے، لیکن ہمارے پیچھے آنے والے راہب ہوا میں اچھل کر دور جا گرے۔‘
پولیس کے مطابق پانچ راہب موقعے پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دیگر چار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔

ھائی لینڈ کے قانون کے مطابق 12 سال سے کم عمر بچوں پر مجرمانہ ذمہ داری عائد نہیں ہوتی (فوٹو: اے ایف پی)

والدین سے تفتیش جاری ہے
قریبی عمارت کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راہب پرامن طریقے سے سڑک کنارے چل رہے ہیں اور پھر اچانک ایک زوردار دھماکے کی آواز آتی ہے جس کے بعد جلوس رک جاتا ہے۔
صوبائی پولیس چیف میجر جنرل پائروج تھائی پھتسا نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ملزم ایک بچہ ہے جس نے بغیر اجازت والدین کی گاڑی چلائی اور قابو کھو بیٹھا۔ ہم نے قانونی کارروائی کے لیے بچے کے والدین کو طلب کر لیا ہے تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔‘
واضح رہے کہ تھائی لینڈ کے قانون کے مطابق 12 سال سے کم عمر بچوں پر مجرمانہ ذمہ داری عائد نہیں ہوتی۔
تھائی لینڈ میں بدھسٹ راہبوں کو انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
صوبائی گورنر ورایان بنارات نے اس واقعے کو ملک میں روڈ سیفٹی کے لیے ایک سنگین وارننگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ ایسے المیوں سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ ناقص قوانین اور تیز رفتاری کے باعث تھائی لینڈ کا شمار دنیا میں سڑکوں کے حادثات کے لحاظ سے بدترین ممالک میں ہوتا ہے۔

شیئر: