ایرانی سپریم لیڈر کی آخری رسومات، سعودی قیادت کا اظہارِ تعزیت
حکومت کو توقع ہے کہ ہفتے سے دارالحکومت کی سڑکوں پر لاکھوں لوگوں کا ہجوم امڈ آئے گا (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے صدر کو تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں، جبکہ تہران میں مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری سطح پر آخری رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کے اوائل میں بتایا کہ تعزیت کا یہ پیغام سعودی عرب کے نائب وزیرِ خارجہ ولید الخریجی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان تک پہنچایا جنہوں نے ان رسومات میں شرکت کی تھی۔
آیت اللہ علی خامنہ ای جنہیں 28 فروری کو اسرائیل نے قتل کر دیا تھا، ان کی آخری رسومات کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
تہران کے گرینڈ مصلّیٰ میں خامنہ ای کا پرچم میں لپٹا ہوا تابوت ان کے خاندان کے ان ارکان کے تابوتوں کے ساتھ رکھا گیا تھا جو اسی حملے میں مارے گئے تھے۔
سرکاری ٹیلی ویژن نے ایران کے مختلف شہروں میں رات کے وقت لوگوں کو ریلیاں نکالتے ہوئے دکھایا جو ملک کے مذہبی نظام کی حمایت میں اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔
حکومت کو توقع ہے کہ ہفتے سے دارالحکومت کی سڑکوں پر لاکھوں لوگوں کا ہجوم امڈ آئے گا، جس سے 1989ء میں مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ روح اللہ خمینی کی تدفین کے مناظر کی یاد تازہ ہو جائے گی۔
