Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بوئنگ طیارے کی فروخت، سعودی ایئر لائنز کا وضاحتی بیان

بیان کے مطابق السعودیہ کا طیارے سے آپریشنل یا تجارتی تعلق نہیں ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ نے سنیچر کو میڈیا اور سوشل میڈیا پر زیرِ گردش اس کے ملکیتی بوئنگ 777-200 طیارے کی ایک ایئر لائن کو منتقلی کے حوالے سے  وضاحت کی ہے جس پر بین الاقوامی پابندیاں عائد ہیں۔
آفیشل ایکس پرپوسٹ میں السعودیہ نے کہا کہ ’طیارہ 7 جون 2023 کو سعودی عرب سے باہر رجسٹرڈ کمپنی کو فروخت کیا گیا اور یہ لین دین تمام قابلِ اطلاق تجارتی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق کیا گیا تھا۔‘
بیان میں خریدار کی شناخت یا مزید تفصیلات فراہم کیے بتایا گیا ’فروخت کی تکمیل کے بعد سے السعودیہ کا طیارے سے کوئی آپریشنل یا تجارتی تعلق نہیں ہے۔‘
یہ بیان ان اطلاعات اور آن لائن پوسٹس کے بعد سامنے آیا ہے جس میں السعودیہ کے سابق  طیارے کو ایک منظور شدہ ایئرلائن سے منسلک کیا گیا تھا، جس کے باعث ایئرلائن کو طیارے کے کسی بھی استعمال یا آپریشن سے لاتعلقی کا اعلان کرنا پڑا۔
یاد رہے السعودیہ جسے پہلے سعودی عربیین ایئرلائن کے نام سے جانا جاتا تھا ستمبر 1945 میں قائم کی گئی تھی اور یہ مملکت کی قدیم ترین ایئر لائن ہے۔
عرب نیوز نے السعودیہ کی ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا کمپنی اس وقت تقریباً 149 مسافر طیاروں کا بیڑا آپریٹ کر رہی ہے۔
اس کے بیڑے میں A320، A321 اور A330  فیملیز کے 95 ایئربس جیٹ طیارے جبکہ 777 اور 787 ڈریم لائنر سیریز کے 54 بوئنگ طیارے شامل ہیں۔

 

شیئر: