Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: درویش سلامہ میوزیم، ایک پائلٹ کا سفر ثقافتی میراث میں تبدیل

اہم آثار اور یادگاروں کی  تیار کی گئی نقول موجود ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
تقریبا 58 برس قبل ایک ریٹائرڈ پائلٹ درویش علی سلامہ نے ایک غیرمعمولی سفر کا آغاز کیا، ان کا قائم کردہ میوزیم آج ایک اہم ثقافتی و تاریخی مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس نجی میوزیم میں ایک ہزار سے زائد تاریخی نوادرات اور ماڈلز موجود ہیں، جنہیں درویش علی سلامہ نے انتہائی مہارت سے سیمنٹ، لوہے اور دیگر مواد سے تیار کیا تاکہ وہ کئی دہائیوں تک محفوظ رہ سکیں۔
یہ ماڈلز سعودی عرب کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کی عکاسی کرنے والے اہم آثار اور یادگاروں کی باریک بینی سے تیار کی گئی نقول ہیں۔
جدہ کے الحمرا ڈسٹرکٹ میں واقع یہ میوزیم سعودی عرب کی تہذیبی اور تعمیراتی تاریخ کے اہم ورثے کو دستاویز کرتا ہے۔

میوزیم کے نمایاں ذخیرے میں مدینہ منورہ کے 48 تاریخی اور قدیم مساجد کے ماڈلز شامل ہیں جنہیں درویش علی سلامہ نے تیار کیا۔
ان ماڈلز میں متعدد مساجد کو مسجد نبوی ﷺ کی توسیع کے مختلف مراحل میں شامل کیا گیا تھا، یہ ماڈلز ان تاریخی یادگار کے طور پر محفوظ ہیں۔

اس کے علاوہ میوزیم میں جنگی اور تربیتی طیاروں کے ماڈلز کے ساتھ درویش علی سلامہ کے بین الاقوامی سفر سے متاثر اسلامی اور عالمی تاریخی مقامات کی نقول بھی موجود ہیں۔
 میوزیم نے اپنے دروازے وزیٹرز کے لیے مفت کھول رکھے ہیں، سیاحتی وفود اور سکولوں کے طلبہ مطالعاتی دورے بھی کرتے ہیں جس کے ذریعے جدہ کی ثقافتی اور سیاحتی  شناخت کو فروغ مل رہا ہے۔

 

شیئر: