سعودی عرب میں چھ ماہ کے دوران 900 کلومیٹر طویل نئی سڑکیں تعمیر
مختلف شہروں میں 40 ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب نے سالِ رواں کی پہلی ششماہی کے دوران مملکت کے طول و عرض میں 900 کلومیٹر طویل نئی سڑکیں تعمیر کی ہیں۔
العربیہ کے مطابق جنرل اتھارٹی برائے روڈ نے مختلف شہروں میں 40 ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن کا مقصد مختلف علاقوں کے درمیان رابطے کو بہتر بنانا، سڑکوں کی دیکھ بھال اور وژن 2030 کے اہداف کے تحت اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ترقیاتی منصوبے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر، مشرقی ریجن اور قصیم میں جاری ہیں۔ ان کا مقصد شہروں اور علاقوں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، سفری دورانیے کو کم کرتے ہوئے سیاحت، لاجسٹک اور تجارتی سرگرمیوں کو سپورٹ دینا ہے۔
اتھارٹی نے بتایا ’سالِ رواں کی پہلی ششماہی کے دوران مملکت کی لاجسٹکس کوریڈورز پر 37 لاکھ سے زیادہ ٹرکوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، جو سڑکوں کے نیٹ ورک، سپلائی چین اور بندرگاہوں، سرحدی شاہراہوں کے درمیان رابطوں میں اہم کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
روڈ جنرل اتھارٹی نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سعودی روڈز کوڈ پر عمل درآمد کی نگرانی کا دائرہ بھی وسیع کیا، جبکہ مختلف اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور شعبے میں جدت کو فروغ دینے کےلیے پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔

حج سیزن میں اتھارٹی نے مشاعر مقدسہ جانے والی شاہراہوں پر متعدد خدمات اور اقدامات متعارف کرائے، جن میں ’دربک نور‘ (آپ کا راستہ منور ہو) موبائل سروس سٹیشنز اور حجاج کے لیے خصوصی روڈ گائیڈ شامل تھے۔
