متعدی امراض سے بچاؤ: مسافروں کے لیے ہیلتھ گائیڈ لائنز کیا ہیں؟
سفری سرگرمیوں میں اضافے سے متاثر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی ’وقایہ‘ نے بیرون مملکت جانے والے مسافروں کو ہیلتھ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’سمر سیزن میں عام طور پر سفری سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ متعدی امراض سے متاثر ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں، مسافروں کو چاہئے کہ وہ ہیلتھ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کریں۔
اتھاٹی نے مزید کہا ’بین الاقوامی صحت تنظیموں کے تعاون سے عالمی وبائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مختلف ملکوں میں ہانٹا وائرس، ایبولا وائرس، یلو فیور، سیزنل انفلوئنزا کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔‘
’وقایہ‘ نے مسافروں پر روانگی سے قبل سفری مقامات پر صحت کے حوالے سے صورتحال اور لازمی ویکسینیشن کا جائزہ لینے کی اہمیت پر زور دیا۔
خاص کر وہ ویکسین جو یلو فیور سے متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے والوں کے لیے ضروری ہے، اس کا سرٹیفکیٹ بھی ہمراہ رکھیں۔
پبلک ہیلتھ اتھارٹی نے واضح کیا کہ متعدی امراض کی منتقلی کے طریقے اور ان کی شدت ایک دوسرے سے مختلف ہوتی ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ وبائی امراض سے متاثرہ افراد اور جنگلی جانوروں سے دور رہیں۔ صفائی کا خیال رکھیں، خوراک اور پانی کے استعمال میں احتیاط کریں، مچھر سے بچاؤ کے لیے سپرے کا استعمال کیا جائے۔
اگر سفر کے دوران یا مملکت واپس آنے کے بعد کسی قسم کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی معائنہ کرائیں، اپنے ڈاکٹر کو سفر کی تاریخ بتائیں تاکہ درست اور بر وقت تشخیص کی جا سکے۔
