Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض کی کھجور منڈیوں میں ’رطب‘ کی رسد میں اضافہ، قیمتوں میں نمایاں کمی

80 ریال میں فروخت ہونے والے بکس کی قیمت 10 ریال ہو گئی (فوٹو: ایکس)
ریاض کی کھجور منڈیوں میں ’رطب‘ کی رسد میں اضافے کے بعد قیمتوں میں غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تین ہفتے قبل 80 ریال میں فروخت ہونے والی اعلی کوالٹی کی رطب اب 5 ریال فی کلو کے حساب سے دستیاب ہے۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے کھجور کے ایک تاجر عبداللہ الدباغ نے بتایا کہ ریاض کی کھجور منڈی میں سالِ رواں سیزن کی رطب کی سب سے پہلی فصل وادی الدواسر سے پہنچی تھی جس کی قیمت کافی زیادہ تھی، تاہم تقریبا 10 روز بعد منڈی میں مدینہ منورہ کی رطب (کچی کھجور) اور اس کے بعد الخرج اور قصیم کی رطب پہنچنا شروع ہوگئی جس سے قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
منڈی میں کھجور کی قیمتوں کے حوالے سے الدباغ کا کہنا تھا کہ ابتدا میں رطب کی رسد میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث قیمتیں کافی بڑھ گئی تھیں تاہم اب جبکہ مختلف ریجنز سے مال پہنچنا شروع ہو گیا ہے قیمتوں میں بھی نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے۔ اس وقت اعلی کوالٹی کی رطب کا 4 کلو گرام والا بکس 10 ریال تک فروخت ہو رہا ہے۔

رطب ماہ رمضان میں افطار دسترخوان کا اہم جزو مانی جاتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)

کھجور کے ایک اور تاجر کا کہنا تھا کہ سوکھی ہوئی کھجور جس میں ’الصقعی اور سکری شامل ہیں سب سے قیمتی ہوتی ہیں۔ مذکورہ اقسام کا چار کلو والے بکس کی قیمت 550 ریال سے زیادہ تک پہنچ گئی تھی، جس کی بنیادی وجہ رسد میں کمی اور طلب میں اضافہ تھا تاہم جوں جوں رسد میں اضافہ ہوگا قیمتوں میں کمی ہونا معمول کی بات ہے۔
خیال رہے ’رطب‘ آدھی کچی اور آدھی پکی کھجور کو کہا جاتا ہے، جسے مملکت میں سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے، عام طور پر کھجور کے تاجر سیزن کے آغاز میں بڑی مقدار میں رطب خرید کر انہیں کولڈ سٹوریج میں محفوظ کرلیتے ہیں جو بعدازاں فروخت کے لیے پیش کی جاتی ہے۔
ماہ رمضان میں افطار دسترخوان کے لیے رطب سب سے زیادہ پسند کی جاتی ہے جسے ’دگہ‘ (مخصوص مصالہ) اور دہی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے۔

 

شیئر: