سعودی عرب میں اس سال گرد و غبار کے طوفانوں میں ڈرامائی کمی ریکارڈ
امام ترکی رائل ریزرو کی حدود میں 76.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں اس سال گرد و غبار کے طوفانوں میں ڈرامائی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اس کی وجہ ماحولیاتی بحالی کی کوششوں، ساز گار موسمی حالات اور پودوں کے وسیع احاطے کو قرار دیا گیا ہے۔
موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے ’جون 2026 میں گرد و غبار کے واقعات تقریبا صفر رہے، جو گزشتہ 25 برسوں میں ریکارڈ کی جانے والی سب سے کم سطح ہے۔‘
ریاض، قصیم اور الخرج سمیت وسطی علاقے میں گرد و غبار کی سرگرمیوں میں 99 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، الشرقیہ ریجن میں بھی کمی کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو میں سال رواں کے دوران ریزرو کی حدود میں گرد وغبار کے طوفانوں میں 76.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایس پی اے کے مطابق رائل ریزرو انتظامیہ نے بتایا ’گرد و غبار میں کمی جامع ماحولیاتی پروگرام اور مختلف اقدامات کے باعث ممکن ہوئی، جن کا مقصد نباتاتی ڈھانچے کو مضبوط اور ماحول کو بہتر کرنا ہے تاکہ ریت کے پھیلاو کو کم کرتے ہوئے مٹی کو کٹاو سے بھی محفوظ کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ’ان اقدامات سے ماحولیاتی نظام کے استحکام کو فروغ ملا اور قدرتی عوامل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔‘
ریزرو نے 12 جولائی کو عالمی یوم انسداد ریت اور گرد و غبار کے طوفان کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پائیدار ماحولیاتی اقدامات کے ذریعے گرد و غبار کے طوفانوں کے اثرات کو کم کرنے، زمین کے تحفظ اور قدرتی وسائل کی حفاظت کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی جو مملکت میں نباتاتی احیا اور ماحول کے تحفظ سے متعلق قومی اہداف اور وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
