Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ ریجن کا فیروزی پانی اور نرم ریت والا ساحل ’الرایس‘

الرایس کا ساحل ریجن کے ابھرتے ہوئے سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
مدینہ منورہ ریجن میں بحرالاحمر کے ساحل پر واقع ’الرایس‘ جزیرہ جہاں کا شفاف فیروزی پانی اور نرم سفید ریت سیاحوں و تفریح کرنے والوں کے لیے پُرکشش مقام بن گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق الرایس ساحل اپنے قدرتی حسن اور جدید تفریحی سہولیات کے باعث علاقے کی نمایاں سیاحتی منزل کا درجہ اختیار کرتا جا رہا ہے۔
ساحل الرایس میں گزشتہ چند برسوں کے دوران سیاحتی اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا گیا۔ ان میں سمندر کے کناروں کی تعمیر، تفریح کے لیے آنے والوں کی سہولت کے لیے بیٹھنے کی جگہیں، ریسٹورنٹس جہاں تازہ سمندری غذا بھی پیش کی جاتی ہے شامل ہیں۔

الرایس کا علاقہ قدرتی اور تاریخی مقامات سے مالامال ہے (فوٹو: ایس پی اے)

الرایس قدرتی اور تاریخی مقامات سے بھی مالامال ہے، ان میں ’راس الابیض‘ نمایاں ہے، جو اپنی سفید نرم و گرم ریت اور شفاف چمکدار فیروزی پانی کی وجہ سے کشتی رانی ، سمندری سیر اور فوٹو گرافی کے شوقین افراد کی پسندیدہ جگہ مانا جاتا ہے۔
یہاں تاریخی بندرگاہ ’الجار‘ اس ساحلی علاقے کی قدیم تجارتی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ قریبی جزیرے اور دیگر سمندری مقامات یہاں کے قدرتی حسن کو مزید دلکش بناتے ہیں۔
الرایس کا ساحل مدینہ منورہ ریجن کے ابھرتے ہوئے سمندری سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں قدرتی مناظر کے ساتھ متنوع تفریحی سرگرمیاں سارا سال جاری رہتی ہیں۔

 

شیئر: