سعودی ولی عہد اور امیر کویت کا رابطہ، ایران کے حملوں کی شدید مذمت
مملکت کی جانب سے کویت کے ساتھ یکجہتی اور مکمل سپورٹ کا اظہار کیا۔( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بدھ کو کویت کے خلاف ایران کے مسلسل حملوں کی مذمت اور مملکت کی جانب سے خلیجی ہمسایوں کی مکمل سپورٹ کا اعادہ کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کویتی سرزمین پر جاری ایران کے صریح حملوں کی شدید مذمت کی، مملکت کی جانب سے یکجہتی اور مکمل سپورٹ کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماوں نے خطے کی صورتحال، سکیورٹی اور استحکام کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات کی۔
سعودی ولی عہد اور امیر کویت کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کی نئی لہر کے بعد ہوا ہے، جس میں کویت، بحرین اور اردن میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، اس سے علاقائی کشیدگی بڑھی ہے۔
کویت کی وزارت خارجہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
