Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی ڈیجیٹل گورنمنٹ سروسز میں علاقائی سطح پر پہلی پوزیشن برقرار

مملکت نے انڈیکس میں 99 فیصد میچورٹی کی شرح حاصل کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے 2025 کے لیے ڈیجیٹل گورنمنٹ اور موبائل سروسز میچورٹی انڈیکس میں مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے مغربی ایشیا کے انڈیکس میں مملکت نے 99 فیصد میچورٹی کی شرح حاصل کی، جو ڈیجیٹل حکومت کے شعبے میں علاقائی سطح پر مسلسل ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے گورنر انجینیئر احمد الصویان نے کہا ’یہ کامیابی مملکت کی دانشمندانہ قیادت کی جانب سے ڈیجیٹل گورنمنٹ کے فروغ، قومی معیشت کی مسابقت میں اضافے اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مستقل سرپرستی کا نتیجہ ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ اعزاز مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے سروسز، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، طریقہ کار اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز خصوصا مصنوعی ذہانت کو اپنانے کی مسلسل کوششوں کا عکاس ہے، جس سے مملکت کو وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کی ترقی اور حکومتی خدمات کی کارکردگی کے حوالے سے  عالمی سطح پر ماڈل بننے کے قابل بنایا گیا۔
انڈیکس میں سعودی عرب سرفہرست ہے، 17 ممالک میں افراد اور کاروباری شعبے کے لیے فراہم کی جانے والی 100 ترجیحی سرکاری خدمات کا ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سمارٹ ایپلی کیشنز کے ذریعے جائزہ لیا گیا۔

مملکت نے ذیلی اشاریوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ’خدمات اور ترقی‘ کے انڈیکس میں 100 فیصد، ’خدمات کے استعمال اور صارفین کے اطمینان‘ کے اشاریے میں 99 فیصد جبکہ عوامی رسائی میں بھی 100 فیصد سکور کیا۔
 مملکت میں مختلف اہم شعبوں کی ڈیجیٹل سرکاری خدمات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ شہری خدمات کے شعبے میں پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ کی تجدید، پیدائش کے اندراج اور دیگر سرکاری دستاویزات کے اجرا کا عمل مزید آسان بنایا گیا ہے۔
یہ کامیابی جدید حکومتی ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر، مختلف سرکاری اداروں کے درمیان خدمات کی بہتری، ڈیجیٹل شراکت کا فروغ، خصوصی افراد کے لیے سہولتوں میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی و مصنوعی ذہانت کے موثر استعمال کا نتیجہ ہے۔

 حال ہی میں ورلڈ بینک گروپ کے جاری کردہ 2025 ڈیجیٹل گورنمنٹ میچورٹی انڈیکس میں بھی مملکت نے 197 ممالک میں عالمی سطح  پر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
اقوام متحدہ کے مرکز برائے ڈیجیٹل گورنمنٹ کا صدر دفتر ریاض میں قائم کیا ہے۔ جس کا مقصد تحقیق، جدت اوربین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ پیش رفت ڈیجیٹل گورننس اور سرکاری خدمات کی ترقی میں سعودی عرب کے نمایاں عالمی مقام اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے عزم کی عکاس ہے۔

 

 

شیئر: