پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ، نئی قیمتیں کیا ہیں؟
جمعرات 23 جولائی 2026 21:26
حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارتِ توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جمعرات کی شب جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے ترمیم شدہ پرائسنگ میکانزم کے تحت قیمتوں میں یہ اضافہ کیا ہے۔
نئی قیمتیں کیا ہوں گی؟
حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 327.12 روپے سے بڑھ کر 331.52 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 375.04 روپے سے بڑھ کر 378.66 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی مقرر کردہ قیمتیں 24 جولائی سے نافذ العمل ہوں گی۔
