’صدی کی طلاق‘: جنوبی کوریا کے ارب پتی کو 64 کروڑ ڈالر طلاق ادائیگی کا حکم
’صدی کی طلاق‘: جنوبی کوریا کے ارب پتی کو 64 کروڑ ڈالر طلاق ادائیگی کا حکم
جمعہ 24 جولائی 2026 12:36
یہ تلخ مقدمہ جوڑے کے مشترکہ اثاثوں اور ان کی قدر پر مرکوز ہے (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی کوریا کی عدالت نے جمعے کو اے آئی چپ بنانے والے ارب پتی کو اپنی سابقہ بیوی کو644 ملین ڈالر کی طلاق ادائیگی کرنے کا حکم دیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 65 سالہ چی تے وون چیئرمین ایس کے گروپ ہیں جو دنیا کے معروف میموری چپ بنانے والے ادارے ایس کے ہائنکس کے مالک ہیے۔ یہ کمپنی جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کا ستون ہے۔
سیول ہائی کورٹ نے2024 میں انہیں اپنی سابقہ بیوی رو سو یونگ کو940 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، جو ایک سابق صدر کی بیٹی ہیں۔ مقامی میڈیا نےاسے ’صدی کی طلاق‘ قرار دیا ہے۔
چی نے سپریم کورٹ میں اپیل کی، جس نے ہائی کورٹ کو2024 کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کا کہا اور اس کے نتیجے میں ارب پتی کی طلاق کی ادائیگی کم ہو کر644 ملین ڈالر رہ گئی۔ یہ تصفیہ ابھی حتمی نہیں ہے، کیونکہ دونوں فریق اسے دوبارہ سپریم کورٹ میں لے جا سکتے ہیں۔
یہ تلخ مقدمہ جوڑے کے مشترکہ اثاثوں اور ان کی قدر پر مرکوز ہے، جن میں چی کا ایس کے گروپ میں منافع بخش حصہ بھی شامل ہے۔ سیول ہائی کورٹ نے جمعے کو فیصلہ دیا کہ رو کو جوڑے کے ازدواجی اثاثوں کے ایک تہائی کے برابر نقد ادائیگی ملنی چاہیے۔
عدالت نے کہا کہ ’مدعا علیہ کے شیئرز شادی کے دوران ان کی انتظامی سرگرمیوں سے نمایاں طور پر بڑھے۔ مدعی نے گھریلو کام، بچوں کی پرورش اور ایس کے گروپ سے متعلق عوامی سرگرمیوں کے ذریعے اس اضافے میں حصہ ڈالا۔‘
جوڑا سیول کے صدارتی’بلو ہاؤس‘ میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
چی اور رو کی شادی1988 میں ہوئی تھی، لیکن خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 15 سال سے زیادہ عرصے سے الگ رہ رہے ہیں۔2015 میں چی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی محبوبہ سے ایک بچہ پیدا کیا۔
رو تین بچوں کی ماں ہیں اور انہوں نے ثقافتی شعبے میں کیریئر بنایا ہے، ایک ڈیجیٹل آرٹ میوزیم چلاتی ہیں۔
جوڑا سیول کے صدارتی’بلو ہاؤس‘ میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا جب اس کے والد رو تے وو 1988 سے 1993تک ملک کے صدر تھے۔ وہ 2022سے عدالتوں میں اس علیحدگی پر لڑ رہے ہیں، جب چی نے2017 میں طلاق کے لیے درخواست دی اور ثالثی ناکام ہو گئی۔