مدینے کے گلاب: فطرت، ثقافت اور روایت کے رنگوں سے سجی مہکتی کہانی
ہفتہ 25 جولائی 2026 10:23
مدینے کے گلابوں پر یوں تو ہر سال ہی بہار آتی ہے جو اِن پھولوں کی کاشت کے ایک شاندار سیزن کا اعلان ہوتا ہے جہاں قدرتی حُسن اور ثقافتی ورثہ باہم ایک ہو جاتے ہیں۔
گلاب کی اہمیت ایک خشبودار پھول سے کہیں زیادہ ہے۔ اِس کی بہار، علاقے کی زرعی شناخت کا ایک لازمی حصہ اور ایسی علامت ہے جو یہاں کی تاریخ، روایت اور سماجی زندگی میں رچ بس چکی ہے۔
دل میں اُتر جانے والی گلاب کی خوشبو کی وجہ سے اِس پھول کو بہت سراہا جاتا ہے اور مدینے کا گلاب تو وہ فصل ہے جو پوری مملکت میں سب کا دل پسند پھول ہے اور ہر ایک کو عزیز بھی ہے۔
جب گلاب پر بہار آتی ہے تو اِس کے پھولوں سے اعلٰی ترین معیار کا عرق حاصل کیا جاتا ہے، اِس میں سے ضروری تیل کشید کیے جاتے ہیں اور گلاب سے قدرتی پروڈکٹس بھی بنائی جاتی ہیں۔ مہمان نوازی کا موقع ہو یا سماجی خوشی کی کوئی تقریب، اِن جگہوں پر، گلاب اپنی مہک اور رنگوں سے اپنے آپ کو خود منوا لیتا ہے۔
کاشتکار نسلوں سے استعمال کیے جانے والے زرعی طور طریقوں سے گلاب کی کاشت کرتے رہے ہیں۔ اِس عمل کا آغاز زمین کی تیاری اور پانی کے مؤثر نظام سے شروع ہوتا ہے جو آگے بڑھ کر احتیاط سے کی گئی کاشت پر منتج ہوتا ہے۔ گلاب کے اندر موجود عرق اور ایسینشل آئلز کو محفوظ رکھنے کے لیے گلاب کو عام طور پر صبح سویرے چُنا جاتا ہے۔

چُننے کے بعد ٹہنیوں سے اُترے ہوئے کِھلے ہوئے گلابوں کو کشید کے لیے بنی خصوصی سہولت گاہوں میں منتقل کر دیا جاتا ہے جہاں روایتی مہارت کے ذریعے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اعلٰی ترین معیار کے ایسینشل آئلز اور عرقِ گلاب تیار کیا جاتا ہے۔
حالیہ برسوں میں، مدینے کے گلابوں میں لوگوں کی دلچسپی زیادہ بڑھ گئی ہے جس کی وجہ زرعی ترقی کے مختلف انیشیٹیوز ہیں جن سے کاشتکاروں کو فائدہ پہنچتا ہے اور قدر میں اضافہ کرنے والی صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ خوشبو پر انحصار کرنے والی پروڈکٹس کو وسعت دینے کے مواقع بھی بڑھتے ہیں۔

گلاب میں دلچپسی صرف کاروباری حد تک محدود نہیں رہی بلکہ مقامی تقریبات کا ایک اہم حصہ بن چکی ہے جہاں اِس علاقے کی وراثت اور رنگا رنگ زرعی تنوع کو بھی لوگوں کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔