Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں گلاب کے باغات ’زرعی پیداوار کا ایک مضبوط ستون‘

مدینہ منورہ کے گلاب، ریجن کی نمایاں زرعی مصنوعات میں شمار ہوتے ہیں جن کی مارکیٹ میں سپلائی سال بھر جاری رہتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گلاب کے باغات علاقے کا ایک اہم معاشی ذریعہ بھی ہیں جو پائیدار ترقی کو فروغ دیتے ہیں اور خطے میں زرعی پیداوار کا ایک مضبوط ستون سمجھے جاتے ہیں۔
مدینہ منورہ کی وادی اور اس کے اطراف کے علاقے ’مدنی گلابوں‘ کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہیں۔
یہاں کا معتدل صحرائی موسم اور وسیع زرعی علاقہ اس خوشبو دار پھول کی کاشت کے لیے سازگار ہے جہاں بڑی تعداد میں گلاب کو کاشت کیا جاتا ہے۔
ریجن میں حالیہ برسوں کے دوران گلاب کی کاشت میں نمایاں طورپر ترقی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاشتکاروں کو وزارت زراعت کی جانب سے گلابوں کی پائیدار اور بہتر کاشت کے پروگرام سے بھی روشناس کرایا گیا ہے۔
’مدنی گلاب‘ کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے اس پھول کی پیداوار سال بھر جاری رہتی ہے۔ اس کی یہی خاصیت اسے دیگر زرعی اجناس سے ممتاز کرتی ہے۔ جہاں تک مختلف ممالک میں پائے جانے والے دیگر اقسام کے گلابوں کا تعلق ہے تو وہ مخصوص موسموں میں ہی کاشت کیے جاتے ہیں۔

’مدنی گلاب‘ کے پودے کو سدا بہار بھی کہا جاتا ہے جو اپنی کاشت کے چھ ماہ بعد ہی پیداوار دینا شروع کر دیتا ہے جبکہ دو سال بعد اس کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔
وزارت کی جانب سے جو پروگرام کاشتکاروں کو دیا جاتا ہے، اس میں پودے کی نشو و نما کو بہتر بنانے کے طریقے شامل ہیں جن میں شاخوں کی تراش خراش کرنا تاکہ نئی کونپلوں کی افزائش اور پتوں کی شادابی کو برقرار رکھا جاسکے۔
شاخوں کی تراش خراش سے پھولوں کی فصل میں بھی اضافہ ہوتا ہے جبکہ ان کی کوالٹی بھی بہتر ہوتی ہے۔
’مدنی گلاب‘ کے مختلف استعمال ہیں۔ اس کی پتیوں کا قہوہ بہت مشہور ہے جبکہ گلاب کا مربہ اور عرق گلاب سے تو ہر کوئی واقف ہے۔
 گلاب کی پتیوں سے گلابی تیل بھی کشید کیا جاتا ہے جو قیمتی عطر اور عالمی معیار کی خوشبو کی صنعت میں استعمال ہوتا ہے۔

گلاب سے بنایا گیا تیل جلد کی نگہداشت اور اس کی ترو تازگی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی اہم ثابت ہوتا ہے۔
گلاب سے بنے ہوئے عطر کو سماجی تقریبات، خوشیوں کے لمحات اور مختلف نوعیت کے پروگراموں میں خاص طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ اس کی منفرد خوشبو ہر ایک کو پسند ہوتی ہے۔
گلاب کی کاشت سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی بہترین ہے۔ یہ گلاب، مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی بہت مقبول ہیں۔ مدینہ کے لوگ جب کسی دوسرے شہر جاتے ہیں تو تحفے کے طور پر بھی لے جاتے ہیں۔
گلاب کے علاوہ دیگر خوشبو دار بوٹیاں جن میں مدنی پودینہ، لمام، دوش، بردقوش، روز میری وغیرہ شامل ہیں، کی بھی مقامی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے۔

 

شیئر: