Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مون سون بارشیں: دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ، پنجاب اور اسلام آباد میں انتظامیہ متحرک

پنجاب کے مختلف اضلاع اور اسلام آباد میں بارشوں کے باعث انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے بعد دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے جسے مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے دریاؤں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پنجاب کے مختلف اضلاع اور اسلام آباد میں بارشوں کے باعث انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

دریاؤں میں درمیانے اور نچلے درجے کا سیلاب برقرار

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ پلکھو نالہ وزیرآباد میں بھی درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔
دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ، دریائے چناب میں مرالہ اور تریموں، دریائے راوی میں بلوکی اور سدھنائی جبکہ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم درجے کے سیلاب کی صورتحال موجود ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔

دریائے چناب میں پانی بڑھنے کا امکان، متعدد اضلاع کے لیے الرٹ

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں، خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں اور شمالی بلوچستان میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

 دریائے چناب میں پانی کی سطح کم ہونا شروع

سرگودھا میں دریائے چناب کی صورتحال تاحال کنٹرول میں ہے اور پانی کے بہاؤ میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز تقریباً اڑھائی لاکھ کیوسک پانی گزرنے کے بعد اب بہاؤ کم ہو کر ایک لاکھ 60 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی ہدایت پر تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں جبکہ حساس مقامات کی نگرانی ڈرون کیمروں سے کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سرگودھا شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ پانچ گھنٹوں سے جاری ہے، جہاں اب تک 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔

اسلام آباد: بارش جاری، انتظامیہ الرٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر سینیٹیشن اسٹاف کو فیلڈ میں موجود رہنے، نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

قصور کے علاقے کھڈیاں خاص کے نواحی گاؤں ڈھنگ شاہ میں بارش کے باعث خستہ حال مکان گرنے سے دو افراد جان سے گئے اور تین زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔

این ڈی ایم اے کی عوام کو احتیاطی ہدایات

این ڈی ایم اے نے عوام کو ممکنہ سیلابی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور بند ہونے والی شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ادارے کے مطابق مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے سفر سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کی جائے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سیلابی پانی یا تیز بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کریں، خطرناک مقامات پر قیام سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔ 

شیئر: