غزہ کے بے گھر افراد کے لیے کے ایس ریلیف کی جانب سے نئے کیمپ کا قیام
یہ کیمپ بے گھر افراد کے مراکز میں نابینا افراد کو درپیش غیر معمولی حالات کے جواب میں قائم کیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف سینٹر) نے وسطی غزہ کی پٹی کے علاقے دیر البلح میں بے گھر افراد، بالخصوص بینائی سے محروم افراد اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک نیا کیمپ قائم کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ کیمپ ان افراد کو محفوظ اور مستحکم رہائش فراہم کرتا ہے جن کے گھر اس محصور علاقے میں جنگ کے دوران تباہ ہو گئے تھے۔
غزہ میں کے ایس ریلیف کے شراکت دار سعودی سینٹر فار کلچر اینڈ ہیریٹیج کی فیلڈ ٹیموں نے کیمپ کی تیاری کی اور ایسے شیلٹرز یونٹس تعمیر کیے جو ان افراد کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں اور انہیں ایک محفوظ اور زیادہ مستحکم ماحول فراہم کرتے ہیں۔
اس منصوبے کے حصے کے طور پر ٹیموں نے 14 خیمے اور کھانے کی ٹوکریاں نہایت ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیں جس سے 84 افراد کو فائدہ پہنچا۔
یہ کیمپ بے گھر افراد کے مراکز میں نابینا افراد کو درپیش غیر معمولی حالات کے جواب میں قائم کیا گیا ہے جہاں انہیں آمدورفت اور بنیادی سہولیات تک رسائی میں دیگر افراد کے مقابلے زیادہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس کے علاوہ کے ایس ریلیف غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور متاثرہ خاندانوں کی مدد کی کوشش کے تحت جنوبی غزہ کے مختلف کیمپوں اور امدادی مراکز میں بھی کھانے کی ٹوکریاں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔
یہ امداد انسانی بحران کے اس دور میں بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کی روزمرہ کی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔

کھانے کی یہ ٹوکریاں خاندانوں کو ضروری اشیاء فراہم کرتی ہیں تاکہ ان کی بنیادی ضروریات پوری ہو سکیں۔ یہ اقدام فلسطینی عوام کی مدد اور پورے غزہ میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کے ایس ریلیف کی مسلسل کوششوں کا ایک حصہ ہے۔
