Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شوق اور خوداعتمادی‘: سعودی لڑکیوں میں گھڑسواری کے کھیل کی مقبولیت

تبوک ریجن میں گھڑ سواری کے کھیل لڑکیوں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ اس کے ساتھ اصطبل کی تعداد میں اضافہ، تربیتی پروگرم کی توسیع اور خواتین کے لیے خصوصی ٹرینرز کی دستیابی بھی بڑھی ہے۔
یہ سہولتیں گھڑ سواری کی تربیت اور مقامی مقابلوں مں خواتین کی موجودگی کو مضبوط بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دے رہی ہیں۔
ایس پی اے نے تبوک ریجن میں گھوڑوں کے اصطبل کا دورہ کیا اور متعدد خواتین گھڑ سواروں سے ملاقات کی۔
خاتون ٹرینر سارہ المشیطی نے بتایا کہ ’گزشتہ چند برسوں کے دوران گھڑ سواری کے اس کھیل میں خواتین کی نمایاں شرکت دیکھنے میں آئی ہے۔ جسمانی فٹنس اور مہارت کے علاوہ خوداعتمادی اور نظم وضبط پیدا کرنے میں گھڑ سواری کا اہم کردار ہے۔‘
سارہ المشیطی نے مزید کہا کہ ’سب سے پہلے زیرِ تربیت لڑکیوں کو حفاظتی ضوابط کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ گھوڑے کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہیے۔ اس کے علاوہ گھڑ سواری کے دوران توازن برقرار رکھنے، گھوڑے اور سوار کے مابین باہمی اعتماد کو قائم کرنے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔‘

گھڑ سواری سیکھنے کی شوقین سعودی خاتون دلال الایدا نے بتایا کہ ’ابتدا میں شوق کے لیے گھڑسواری شروع کی مگر بعد میں یہ شوق ایک جذبے اور مستقل سرگرمی میں تبدیل ہو گیا۔ یہ محض ایک کھیل نہیں بلکہ ایک ایسا تجربہ ہے جس سے زندگی میں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔‘
ماہر گھڑ سوار خاتون رغدالعنزی کے مطابق ’انہیں بچپن سے اس کھیل کا شوق تھا۔ مسلسل تربیت اور مہارت کے بعد متعدد مقامی مقابلوں میں تبوک کی نمائندگی بھی کی۔‘

ایک اور خاتون عبیر شجاع کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے گھڑ سواری کا آغاز تین برس قبل کیا تھا۔ ابتدائی تربیت کے بعد رکاوٹوں کو عبور کرنے میں مہارت حاصل کی۔ اس کھیل میں کامیابی کے لیے صبر، مستقل مزاجی اور مرحلہ وار مہارت کا حصول انتہائی اہم ہوتا ہے۔‘
عبیر شجاع، سعودی فیڈریشن فار ہارس رائیڈنگ کی رکن بھی ہیں۔ وہ ینبع اور جدہ میں ہونے والی متعدد چیمپیئن شپ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر چکی ہیں۔

خیال رہے تبوک ریجن میں خصوصی تربیتی پروگراموں نے گھڑ سواری میں لڑکیوں کی شرکت کو نمایاں طور پر فروغ دیا ہے۔ یہ کھیل بہت سے لڑکیوں کے لیے محض شوق سے بڑھ کر باقاعدہ سرگرمی بن چکا ہے۔ متعدد خواتین گھڑسواری کے مقامی مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے ریجن کی نمائندگی بھی کر رہی ہیں۔

 

شیئر: