ایران امریکہ مذاکرات جاری، پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا: دفتر خارجہ
جمعرات 30 جولائی 2026 10:44
دفتر خارجہ کی پریس بریفنگ میں غزہ اور فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے خلیجی خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتِ حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور بحران کے حل کے لیے سفارت کاری کو ہی واحد اور پائیدار راستہ قرار دیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ ’ماضی قریب کی نسبت اب حالات میں کچھ حد تک بہتری آئی ہے، تاہم خطے کی مجموعی صورتِ حال اب بھی غیر یقینی ہے۔‘
’پاکستان کا واضح موقف ہے کہ تمام تنازعات کا حل صرف اور صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔ ایران امریکہ کے مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔‘
ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے، تناؤ میں کمی اور بحیرہ احمر و آبنائے ہرمز میں عالمی بحری تجارت کو بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ اور فعال سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔
ان کے مطابق ’اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی قیادت سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں تاکہ مشترکہ حکمتِ عملی اپنائی جا سکے۔‘
پریس بریفنگ میں غزہ اور فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور آٹھ عرب اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کے حوالے سے مقبوضہ یروشلم میں اسرائیلی جارحیت اور پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اس کے علاوہ دفترِ خارجہ نے کویت کے وزیرِ خارجہ کے حالیہ دورہ اسلام آباد، دفاعی و تجارتی معاہدوں اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) میں پاکستان کے متحرک کردار سے متعلق تفصیلات بھی فراہم کیں۔
