سعودی عرب نے ایران کی حمایت یافتہ عراقی ملیشیا کو نشانہ بنایا ہے
اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ دفاع نے بدھ کی صبح بتایا ہے کہ اس نے عراق میں موجود ایران کے حامی گروہوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
عرب نیوز سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک بیان میں وزارتِ دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کشیدگی نہیں چاہتا، تاہم کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بیان کے مطابق یہ کارروائی امریکی افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر کی گئی ہے۔
اس سے قبل وزارت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ منگل کی شام مشرقی صوبے میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے متعدد ڈرونز کو فضاء ہی میں تباہ کر دیا گیا تھا۔
وزارتِ دفاع کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ یہ ’دہشت گردانہ‘ حملے ایک بار پھر عراقی سرزمین سے کیے گئے جن میں ایران کے حامی شدت پسند گروہ ملوث تھے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت کو اپنا اور اپنے اثاثوں کا دفاع کرنے کا پورا حق حاصل ہے اور وہ مناسب وقت اور جگہ پر اس کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ پیر کو بھی عراق کی جانب سے فائر کیے گئے ان ڈرونز کو ہوا ہی میں ناکارہ بنا دیا گیا تھا جن کے ذریعے سعودی عرب کے مشرقی صوبے اور ریاض میں قائم تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
