Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رانا جی 2.0‘ کی ریلیز پر ممتا کلکرنی کیا کہتی ہیں؟

انٹرویو میں ممتا کلکرنی نے فلمی دنیا میں واپسی کا عندیہ بھی دیا ہے (فوٹو: یوٹیوب)
90 کی دہائی کی معروف بالی ووڈ اداکارہ ممتا کلکرنی نے حال ہی میں ریلیز ہونے والے گانے ’رانا جی 2.0‘ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ مہیرا شرما کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ گانا 1995 کی سپر ہٹ فلم ’کرن ارجن‘ کے مشہور گانے ’مجھ کو رانا جی معاف کرنا‘ سے متاثر ہو کر جدید انداز میں تیار کیا گیا ہے، جس میں اصل فلم کے مرکزی کردار شاہ رخ خان، سلمان خان، کاجول، راکھی، امریش پوری اور رانا جیت شامل تھے۔
ایک انٹرویو میں ممتا کلکرنی نے کہا کہ ’مہیرا شرما نے گانے میں اچھی پرفارمنس دی ہے، تاہم نئے ورژن کا انداز، لباس اور پیشکش اصل گانے سے بالکل مختلف ہے۔‘
ان کے مطابق ’اصل گانا روایتی گھاگرا چولی، انڈین رقص اور کلاسیکی انداز کی وجہ سے لوگوں کے ذہنوں میں آج بھی نقش ہے، اسی لیے نیا ورژن دیکھتے ہی اصل گانا یاد آ جاتا ہے۔‘
ممتا کلکرنی نے اصل گانے کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’گانے کی ریہرسل دو سے تین دن تک جاری رہی اور انہوں نے پہلے ہی دن تمام سٹیپس یاد کر لیے تھے، لیکن شوٹنگ کے دن کوریوگرافر نے اچانک ڈانس سٹیپس تبدیل کر دیے۔‘ ان کے بقول ابتدا میں انہیں حیرت ہوئی کہ ریہرسل کا مقصد کیا تھا، تاہم معروف کوریوگرافر چنی پرکاش کی مہارت کی بدولت گانے کی شوٹنگ بروقت مکمل ہو گئی۔
اداکارہ نے فلم کرن ارجن کی شاندار کامیابی کا کریڈٹ ہدایت کار راکیش روشن کو دیتے ہوئے کہا کہ ’اتنی بڑی کاسٹ کے ساتھ ایک پیچیدہ فلم کو کامیابی سے مکمل کرنا آسان نہیں تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فلم نہ صرف باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی بلکہ اس کے تمام گانے، جن میں ’جئے ماں کالی‘، ’بھنگڑا پا لے‘ اور ’ایک منڈا میری عمر دا‘ شامل ہیں، آج بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔‘
ممتا کلکرنی نے فلمی دنیا میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے مختلف فلموں کی پیشکشیں موصول ہو رہی ہیں اور اگر کوئی ایسی کہانی یا کردار ملا جو مجھے واقعی متاثر کرے تو وہ دوبارہ اداکاری کے لیے تیار ہوں۔‘
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کی روحانی سوچ اب پہلے سے بہت مختلف ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ ’مجھ کو رانا جی معاف کرنا‘ ان کے کیریئر کی یادگار کامیابیوں میں شامل ہے، لیکن آج وہ اس نوعیت کا گانا دوبارہ نہیں کریں گی کیونکہ اب وہ گانوں کے بول اور پیغام کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔ ممتا کلکرنی کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں وہ صرف ڈانس اور پرفارمنس پر توجہ دیتی تھیں، لیکن اب ان کی ترجیح ایسے کردار اور منصوبے ہیں جو ان کی موجودہ سوچ، اقدار اور روحانی سفر سے ہم آہنگ ہوں۔‘

شیئر: