Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان نے نئی فلم ’بھائی تیرا سٹار ہے‘ کے اداکار راگھو جویال کی تعریف کیوں کی؟

سلمان خان نے راگھو جویال سے کہا کہ ’میں نے تمہاری فلم کا ٹریلر دو بار دیکھا۔‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ فلم ’بھائی تیرا سٹار ہے‘ کے پروڈیوسر اور ہدایت کار وویک بی اگروال نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان نے فلم کا ٹریلر دو مرتبہ دیکھنے کے بعد اداکار راگھو جویال کو فون کر کے ان کی تعریف کی۔
انڈین میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں وویک بی اگروال نے بتایا کہ سلمان خان نے راگھو جویال سے کہا، ’میں نے تمہاری فلم کا ٹریلر دو بار دیکھا، اور آخر میں ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ والا مذاق شاندار تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ سلمان خان کو فلم کا ٹریلر بے حد پسند آیا اور انہوں نے راگھو جویال کو مبارکباد بھی دی۔ بعد ازاں راگھو کی سلمان خان سے ملاقات بھی ہوئی، جہاں انہوں نے ایک بار پھر فلم کے مزاحیہ انداز کو سراہا۔
وویک بی اگروال نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ناظرین فلم کے مزاح کو مثبت انداز میں لے رہے ہیں، خاص طور پر وہ فنکار جنہوں نے فلم انڈسٹری میں طویل عرصہ گزارا ہے۔
فلم ’بھائی تیرا سٹار ہے‘ میں شامل گانا ’آنکھوں سے تُو نے‘ حال ہی میں ریلیز کیا گیا ہے، جو 1998 کی فلم ’غلام‘ کے مقبول گانے کا نیا ورژن ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کی ریلیز سے ایک روز قبل کاسٹ اور عملے کے لیے خصوصی پریمیئر رکھنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس میں فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
وویک بی اگروال نے یہ بھی بتایا کہ ان کے کئی نئے فلمی منصوبے زیرِ تکمیل ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اور نیشنل ایوارڈ یافتہ رائٹر و ہدایت کار اونتیکا ہری اگروال بھی اپنی نئی فلم پر کام کر رہی ہیں۔
’بھائی تیرا سٹار ہے‘ 30 جولائی کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: