’ڈسکور عسیر‘ دنیا کی بہترین فوڈی ویب سائٹس میں واحد سعودی اور عرب ویب سائٹ
ڈِسکور عسیر گیسٹرونومی فہرست میں شامل ہونے والی واحد سعودی اور عرب ویب سائٹ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف گیسٹرونومی، کلچر، آرٹس اینڈ ٹورازم اور بین الاقوامی ماہرین کے پینل کی رائے کی بنیاد پر ڈِسکور عسیر پلیٹ فارم کو سال 2026 میں دنیا بھر کے ان بہترین 10 ویب سائٹس میں شامل کیا گیا جو کھانے پینے کے شوقین افراد کو بہترین روایتی کھانوں کا تجربہ فراہم کرتی ہیں۔
الاقتصادیہ کے مطابق یہ واحد سعودی اور عرب ویب سائٹ ہے جس کو اس فہرست گزشتہ مہینے شامل کیا گیا تھا جبکہ اس فہرست میں ایکواڈور، فرانس، سپین اور کئی دوسرے یورپی ممالک کی ویب سائٹس بھی شامل ہیں۔
عسیر ڈیویلمپنٹ اتھارٹی کے مطابق ویب سائٹ جسے کنگ خالد یونیورسٹی اینڈ دی کلنری آرٹس کمیشن کے تعاون سے بنایا گیا ہے، نے عالمی فہرست میں یہ مقام خطے کے بہترین کھانوں اور ثقافتی تجربات کو شاندار تصاویری اور ویڈیو میڈیا کے ذریعے پیش کرنے کی وجہ سے حاصل کیا ہے جس کی مدد سے صارفین ان تجربات کو آسانی سے دیکھ اور بُک کر سکتے ہیں۔
یہ کامیابی عسیر کو 2024 میں آئی جی سی اے ٹی کی جانب سے ورلڈ ریجن آف گیسٹرونومی کا اعزاز ملنے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے بعد یہ یورپ سے باہر اعزاز پانے والا پہلا ریجن بن گیا تھا۔
عسیر ڈیویلمپنٹ اتھارٹی اس بات کو سمجھتی ہے کہ اس بین الاقوامی پہچان سے عالمی سیاحتی نقشے پر خطے کی موجودگی مضبوط ہوگی اور یہاں کی سیاحت، کھانوں اور ثقافتی رنگوں کے بارے میں لوگوں کی معلومات میں اضافہ ہوگا۔

عالمی رینکنگ میں ڈِسکور عسیر پلیٹ فارم کی موجودگی خطے کے ڈیجیٹل ٹورازم مواد کی بین الاقوامی مقام پر بڑھتی ہوئی موجودگی کی عکاسی کر رہی ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ پلیٹ فارم مقامات، ایونٹس، ریستورانوں، ہوٹلوں اور سیاحتی تجربات کو ایک جگہ اکٹھا کرتا ہے جس سے سیاحوں کے لیے آپشن زیادہ کھل جاتے ہیں اور وہ اپنی ٹرپ پلان کر سکتے ہیں۔

یہ کامیابی عسیر خطے کے سیاحتی، ثقافتی اور روایتی کھانوں کے اثاثوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق عالمی سیاحتی نقشے پر اس کے مقام کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کا نتیجہ ہے۔
