Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ: میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر ن لیگ کو برتری

پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں۔
موصولہ نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن کی تمام 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) مجموعی طور پر 9 نشستوں پر آگے ہے جن میں سے وہ سات نشستوں پر باضابطہ طور پر کامیاب ہو چکی ہے جبکہ دو نشستوں پر اسے واضح برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
الیکشن کمیشن نے تاحال تین حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان کیا ہے جبکہ میرپور ڈویژن کے دو حلقوں (برنالہ اور سماہنی) میں کشیدہ صورتحال اور تکنیکی وجوہات کے باعث نتائج کا حتمی اور رسمی اعلان مؤخر کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کی پولنگ کے بعد اب دوسرے مرحلے کا انتخاب دو اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی نشستوں پر ہوگا جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں 10 اگست کو ڈویژن پونچھ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پہلے مرحلے کے نتائج اور اہم اپ سیٹ
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پہلے مرحلے میں جہاں کچھ روایت پسند سیاسی خاندان اپنی نشستیں بچانے میں کامیاب رہے وہیں کئی اہم سیاسی شخصیات کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
سابق وزیراعظم کی شکست
ایل اے 7 بھمبر سے مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق نے 35 ہزار 490 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ ان کے مدِمقابل آزاد امیدوار اور سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ چوہدری انوار الحق گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے اور بعد ازاں فارورڈ بلاک تشکیل دے کر وزیراعظم بنے تھے۔

الیکشن کمیشن نے تاحال تین حلقوں کے رسمی نتائج کا اعلان کیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پیپلز پارٹی کے صدر کو ایک نشست پر شکست، دوسری پر کامیابی
ایل اے 12 کوٹلی 5 (چڑھوئی) میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین کو اپنے آبائی حلقے میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاست خان کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے فارم 26 کے مطابق راجہ ریاست نے 35 ہزار 168 جبکہ چوہدری یاسین نے 30 ہزار 320 ووٹ حاصل کیے۔ تاہم چوہدری یاسین ایل اے 10 (کوٹلی سٹی) سے 12 ہزار 421 ووٹ لے کر مسلم لیگ (ن) کے فاتح محمود الحسن (9063 ووٹ) کو ہرانے میں کامیاب رہے۔
دیگر اہم رہنماؤں کی ناکامی
کوٹلی کے حلقوں سے پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما جاوید اقبال بڈھانوی (نکیال) اور ولید انقلابی (کھوئی رٹہ) بھی اپنی نشستیں نہ بچا سکے۔
پرتشدد واقعات اور غیر حتمی حلقے
پولنگ کے روز مختلف اضلاع بالخصوص نکیال اور بھمبر کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی کارکنوں کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی اور تصادم کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان پرتشدد جھڑپوں کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک کارکن ہلاک ہو گیا، جس پر پیپلز پارٹی کی مرکزی و علاقائی قیادت نے گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور اپنے کارکنان کو پرامن رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب پولیس اور انتظامیہ نے امن و امان میں خلل ڈالنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 24 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ایل اے 6 (سماہنی - بھمبر)
اس حلقے میں ووٹ جلائے جانے کے واقعے کے بعد حتمی نتیجہ روک دیا گیا ہے۔ یہاں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 23 ہزار 923 ووٹوں کے ساتھ واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہیں، جبکہ استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے امیدوار علی شان سونی 12 ہزار 492 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ علی شان سونی کو پولیس نے پولنگ اسٹیشن پر حملے اور بیلٹ پیپرز جلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ اور انجینیئر امیر مقام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میرپور ڈویژن میں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کو آزاد، منصفانہ، شفاف اور معتبر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 13 میں سے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ 

بلاول بھٹو نے کہا ’یہ مرحلہ وار انتخابات دھاندلی کے مقصد کے لیے کرائے گئے (فوٹو: ویڈیو گریب)

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو مظفرآباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ ’میرپور اور کوٹلی میں عوام کے ووٹ پر ڈاکہ مارا گیا ہے۔‘
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ’یہ مرحلہ وار انتخابات دھاندلی کے مقصد کے لیے کرائے گئے اور اس میں وہی طریقہ کار اپنایا گیا جو گزشتہ الیکشنز میں ہوا تھا۔ بلاول بھٹو نے زور دے کر کہا کہ ریاست کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس کے لیے قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’پیپلز پارٹی قومی مفاد میں ریاستِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور آزاد کشمیر کو کبھی مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیا جائے گا۔‘
ڈویژن میرپور کی 13 نشستوں کی مکمل صورتحال
میرپور ضلع (3 نشستیں)
ایل اے 1 (ڈڈیال): مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پہلے رسمی نتیجے کے طور پر اس کی تصدیق کی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چوہدری افسر شاہد (9832 ووٹ) دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 2 (چکسواری/اسلام گڑھ)
پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12 ہزار 904 ووٹ لے کر فتح حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری (8182 ووٹ) دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 3 (میرپور سٹی)
پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان 12 ہزار 590 ووٹ لے کر اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ ن لیگ کے چوہدری محمد سعید 11 ہزار 81 ووٹ حاصل کر سکے۔
ایل اے 4 (کھڑی شریف)
مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد نے 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد (13865 ووٹ) دوسرے نمبر پر رہے۔
بھمبر ضلع (3 نشستیں)
ایل اے 5 (برنالہ): (غیر حتمی) ن لیگ کے کرنل (ر) وقار احمد نور (29875 ووٹ) کو پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف (29143 ووٹ) پر برتری حاصل ہے۔

نکیال اور بھمبر کے سیاسی کارکنوں کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی اور تصادم کے واقعات رپورٹ ہوئے (فائل فوٹو:ویڈیو گریب)

ایل اے 6 (سماہنی)
 (نتیجہ مؤخر) ن لیگ کے چوہدری محمد رزاق (23923 ووٹ) آگے، جبکہ آئی پی پی کے علی شان سونی (12492 ووٹ) دوسرے نمبر پر ہیں۔
ایل اے 7 (بھمبر)
ن لیگ کے چوہدری طارق فاروق (35490 ووٹ) نے سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق (25100 ووٹ) کو شکست دی۔
کوٹلی ضلع (7 نشستیں)
ایل اے 8 (کوٹلی 1 راج محل)
پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ن لیگ کے ملک محمد نواز خان (11966 ووٹ) دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 9 (کوٹلی 2 نکیال)
مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 37 ووٹ حاصل کر کے پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی (28507 ووٹ) کو ہرانے میں کامیاب رہے۔
ایل اے 10 (کوٹلی سٹی)
پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین 12 ہزار 421 ووٹوں کے ساتھ فاتح رہے، ن لیگ کے فاتح محمود الحسن نے 9 ہزار 63 ووٹ حاصل کیے۔
ایل اے 11 (کوٹلی 4 سہنسہ)
مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہوئے، پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق (21751 ووٹ) دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 12 (کوٹلی 5 چڑھوئی)
مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاست خان (35168 ووٹ) نے پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین (30320 ووٹ) کو شکست دی۔
ایل اے 13 (کوٹلی 6 کھوئی رٹہ)
مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 728 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آئی پی پی کے انصر ابدالی (15648 ووٹ) دوسرے اور پی پی پی کے ولید انقلابی (14386 ووٹ) تیسرے نمبر پر رہے۔

میرپور ڈویژن میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے (فوٹو: اے ایف پی)

راولاکوٹ اور میرپور میں کشیدہ حالات
دوسری جاب راولاکوٹ اور اس کے گرد و نواح میں 27 جولائی کو پابندی کی شکار جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کے باعث صورت حال  کشیدہ رہی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مظاہرین کے درمیان اس وقت تصادم ہوا جب دریک عیدگاہ گراؤنڈ سے آنے والے مظاہرین شہر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس تصادم میں 12 سے زائد مظاہرین جان سے گئے جبکہ کشمیر پولیس کا موقف ہے کہ ان کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
اُدھر میرپور شہر میں پولنگ کے اگلے روز منگل کو راولاکوٹ کے مظاہرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک جلوس نکلا جسے منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ کی۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک شہری کے جان سے جانے کی تصدیق کی ہے۔

شیئر: