Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوازات کے ’مقیم‘ پورٹل پر اقامہ گمشدگی کی رپورٹ کیسے کریں؟

مقیم پورٹل غیرملکی کارکنوں کے امور کے لیے مخصوص ہے (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب میں ای گورنمنٹ سروسز سیکٹر میں مستقل بنیادوں پر ترقی و بہتری کا عمل جاری ہے۔ سرکاری خدمات میں جس تیزی سے ترقی ہوئی ہے اس سے نہ صرف شہریوں بلکہ مملکت میں رہنے والوں کو بھی کافی سہولت میسر آئی ہے۔
مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے اقامے کی گمشدگی پر ماضی میں مختلف اداروں میں رپورٹ کرانا ہوتا تھا۔ وزارتِ داخلہ نے جب سے ڈیجیٹل سروسز شروع کی ہیں اقاموں کی تجدید یا اجرا سمیت مختلف امور بہت آسان ہو گئے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے اقاموں کی گمشدگی کی رپورٹ کے مراحل کو آسان بناتے ہوئے ’مقیم‘ پورٹل پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کی جانب سے غیرملکی کارکنوں کے اقاموں کی گمشدگی کی اطلاع ’مقیم‘ پورٹل پر دینے کے حوالے سے جوازات نے رہنما ضوابط جاری کیے ہیں۔
جوازات کے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ غیرملکی کارکن کا اقامہ گم ہونے کی صورت میں اس کی رپورٹ ادارے کے ’مقیم‘ پورٹل کے ذریعے باآسانی کی جا سکتی ہے۔

 ڈیجیٹل سروسز سے پہلے کسی بھی معاملے کے لیے جوازات کے دفتر جانا ہوتا تھا (فوٹو: ایس پی اے)

جوازات کا مزید کہنا تھا کہ اقامہ گمشدگی کی رپورٹ کے لیے مقیم پورٹل پر لاگ ان کرنے کے بعد درخواست گزار کے ڈیش بورڈ کا انتخاب کیا جائے۔ بعدازاں گمشدہ اقامہ نمبر مخصوص خانے میں درج کریں، جس کے بعد ’خدمات الجوازات‘ (جوازات سروسز) کا انتخاب کیا جائے جہاں ’بلاغ عن فقدان ھویہ مقیم‘ (غیرملکی کے اقامے کی گمشدگی کی رپورٹ) کا انتخاب کر کے درخواست کو اپ لوڈ کریں۔
رپورٹ درج ہونے کے بعد مطلوبہ مدت کے دوران سرکاری کارروائی سسٹم کے ذریعے ہی مکمل ہو جائے گی جس کی اطلاع کمپنی کے مقیم پورٹل پر فراہم کر دی جاتی ہے۔
خیال رہے جوازات کے پلیٹ فارم ’ابشر‘ پر انفرادی اورکمپنی کے آپشن موجود ہیں، انفرادی کا آپشن سربراہ خانہ کے لیے ہوتا ہے جس کے ذریعے اہل خانہ کے امور انجام دیئے جاتے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ افراد کے امور کمپنی کے ذمے ہوتے ہیں جس کے لیے ’مقیم‘ پورٹل مخصوص ہے۔

 

شیئر: