ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کے لیے جوازات کی ٹول فری ٹیلی فون سروس سہولت
جن کے ویزے 25 فروری کو ایکسپائرہوگئے تھے بغیرکسی جرمانے کے جاسکتے ہیں(فوٹو،ایکس)
سعودی ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن (جوازات) نے مملکت میں ایکسپائرڈ عمرہ ، وزٹ یا دیگر اقسام کے ویزوں پر مملکت میں مقیم افراد کی وطن واپسی کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹول فری نمبر 992 کی سہولت فراہم کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ جوازات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے باعث مملکت میں موجود ایسے غیرملکی جن کے عمرہ ، وزٹ ، ٹرانزٹ یا فائنل ایگزٹ ویزوں کی مدت 25 فروری 2026 سے ایکسپائر ہو چکی ہے ان کی واپسی کے لیے 18 اپریل 2026 تک کی مہلت دی گئی ہے۔
قبل ازیں جوازات کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ایکسپائرڈ ویزوں پر رہ جانے والے غیرملکی بغیر کسی جرمانے یا فیس کی ادائیگی کے 18 اپریل سے قبل اپنے ملک جاسکتے ہیں، مقررہ تاریخ کے بعد غیرملکیوں کا مملکت میں قیام غیرقانونی تصور کیا جائے گا۔
خیال رہے موجودہ عالمی حالات کے باعث مختلف ممالک سے وزٹ یا عمرہ ویزے پر آنے والے غیرملکی فلائٹوں کے شیڈول میں پیش آنے والی مشکلات کی وجہ سے مقررہ وقت پر واپس نہیں جاسکے جس کے باعث انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔
وزارتِ داخلہ نے تمام امور کا نوٹس لیتے ہوئے ایکسپائرڈ ویزوں پر مملکت میں مقیم غیرملکیوں کے لیے 18 اپریل 2026 تک کی خصوصی رعایت دی ہے۔ واپسی کے خواہمشند غیرملکی اپنی سیٹ کنفرم کرانے کے بعد مقررہ وقت پر ایئرپورٹ جاسکتے ہیں۔
مملکت میں موجود اقامہ ہولڈرز جنہوں نے اپنے اہل خانہ کو وزٹ ویزے پر مملکت بلایا ہے اور انکا ویزہ ایکسپائر ہو گیا انہیں چاہئے کہ وہ اپنے ابشر پلیٹ فارم پر لاگ ان کرکے ویزے کی مدت میں 18 اپریل تک توسیع کرالیں تاکہ کسی قسم کی قانونی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔