نسک کیئر سینٹر جو عمرہ زائرین کو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرتے ہیں
وزارت کے مطابق نسک کیئر سینٹرز کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارتِ حج وعمرہ کے زیر انتظام ’نسک کیئرسینٹرز‘ چوبیس گھنٹے عمرہ زائرین کو خدمات کی ایک جامع رینج فراہم کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عمرہ زائرین کو مختلف گراؤنڈ سروسز فراہم کی جاتی ہیں، جن میں زائرین کی رہنمائی، انکوائری اور شکایات، گمشدہ افراد کی رپورٹنگ، نسک اور توکلنا ایپلی کیشنز کے لیے رہنمائی امور وغیرہ شامل ہیں۔
خدمتِ ضیوف الرحمان پروگرام اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے تحت عمرہ زائرین اور حجاج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے نسک اور توکلنا پورٹل پر بھی ہے۔
نسک کیئر سینٹرز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ جدہ میں بھی موجود ہیں جبکہ حج سیزن کے دوران مشاعر مقدسہ میں بھی عارضی سینٹر قائم کیے جاتے ہیں۔
ان سینٹرز میں اہل اور پر اعتماد سعودیوں کی خدمات فراہم کی گئی ہیں جو متعدد زبانیں بول اور سمجھتے ہیں، جبکہ بعض اہلکاروں کو اشاروں کی زبان پر بھی عبور حاصل ہے۔

گزشتہ برس حج 1447 ہجری کے دوران نسک کیئر کے 41 مراکز قائم کیے گئے جہاں 6 لاکھ سے زیادہ مختلف نوعیت کی خدمات پیش کی گئی ہیں، اس میں ’نسک‘ ایپ کے ذریعے 5 لاکھ صحت خدمات شامل تھیں۔
وزارت کے مطابق نسک کیئر سینٹرز کو مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین کی مملکت آمد اور واپسی تک فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے۔
