جونیپر کے جنگلات: عسیر کے سرسبز پہاڑی علاقوں کی پہچان
عسیر کے کوہساروں کے خوشنما قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ جونیپر کے جنگلات کا ایک ایسا سلسلہ ہے بھی ہے جو سروات کی پہاڑی چوٹیوں اور ڈھلانوں تک پھیلا ہوا ہے۔
یہاں پر سرسبز و شاداب سدا بہار درخت، پہاڑوں، بادلوں اور فضاؤں سے جھوم کر اُترتی دھند، باہم مل کر نظاروں کی دلکشی کا ایسا رنگ جماتے ہیں جو اِس علاقے کے پہاڑی ماحول کے نظام کی بارآوری اور شادابی کی تصویر بن جاتا ہے اور عسیر کو سعودی عرب کی ایک بڑی قدرتی سیاحتی منزل کے طور پر دنیا کے سامنے لے آتا ہے۔
جونیپر کے جنگلات کئی پہاڑی سلسلوں اور مختلف علاقوں تک پھیلے ہوئے ہیں جن میں السودہ، النماص، بللسمر، تنومہ، الفرعا اور دلغان کے پارکس خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ سروات کے پہاڑی سلسلے میں واقع بے شمار چوٹیوں اور پارکس میں بھی جونیپر کے جنگلات نظر آتے ہیں۔
اِن جنگلات کی وجہ سے عسیر کے پہاڑی علاقے ہر وقت سبزے کے سائبان کے نیچے نظر آتے ہیں جو اِن کی مخصوص ماحولیاتی شناخت بھی بن گئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اُس کے صحافیوں نے اِن علاقوں کی فضائی فوٹیج بنائی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ جونیپر کے جنگلات کا ایک وسیع حصہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور ڈھلانوں کے ایک لمبے سلسلے پر سایہ فگن ہے۔ یہ جنگلات، سڑکوں کے کنارے قطار در قطار بھی دکھائی دیتے ہیں اور قدرتی نظاروں کی سج دھج بھی بڑھاتے ہیں۔

درختوں کی سربلند چوٹیوں اور پہاڑی چٹانوں کو بادلوں نے اپنی بانہوں کے دائرے میں سمیٹا ہوتا ہے جس سے عسیر کے پہاڑی علاقے کے یادگار قدرتی فیچر اور ماحولیاتی رنگا رنگی، دلکشی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ جونیپر کے درختوں سے زمین کا کٹاؤ رُکتا ہے، مٹی مضبوط ہوتی ہے، سبزے میں اضافہ ہوتا ہے اور ہوا کی کوالٹی بہتر ہو جاتی ہے۔
یہ درخت، مختلف انواع کے پرندوں اور طرح طرح کی جنگلی حیات کے مسکنوں میں اضافہ کا باعث بنتے ہیں اور پہاڑوں کے ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہوئے علاقے میں حیاتیاتی تنوع کو مزید بہتر بناتے ہیں۔

جونیپر کے جنگلات، عسیر کا سب سے نمایاں قدرتی لینڈ مارک ہیں جو اہم ماحولیاتی اور سیاحتی اہمیت کے حامل ہیں۔ یہ جنگلات علاقے کے مالامال ثقافتی ورثے کا ایک واضح اظہار ہیں اور سعودی عرب میں ایکو ٹورزم کے ایک بہترین مقام کے طور پر عسیر کی حثییت کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔