چار علاقائی ملکوں کا اجلاس، میری ٹائم سکیورٹی اور کشیدگی میں کمی پر تبادلہ خیال
پاکستان اور قطر کی ثالثی کی کوششوں کی سپورٹ کا اعادہ کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
اردن کے دارالحکومت عمان میں بدھ کو ریجنل 4 گروپ میں شامل سعودی عرب، پاکستان، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا پانچواں مشاورتی اجلاس ہوا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العطی، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے شرکت کی۔
ایس پی اے کے مطابق وزرائے خارجہ نے حالیہ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا، موجودہ ریجنل ایشوز کے لیے ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور یکساں اپروچ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کے ذریعے شپنگ سکیورٹی کو یقینی بنانے، فریڈم آف نیویگیشن کے تحفظ، سپلائی چین اور انرجی مارکیٹ کے استحکام کی سپورٹ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے بحری دفاعی اتحاد کے قیام کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار کی تعریف کی۔ جس کا مقصد نیویگیشن سکیورٹی کو بہتر بنانا، بین الاقوامی آبی راستوں کا تحفظ، بین الاقوامی نیویگیشن اور تجارت کو لاحق خطرات سے نمٹنا ہے۔

اجلاس میں علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمنٹے کے لیے کوششوں، سفارتی حل کی اہمیت، پاکستان اور قطر کی ثالثی کی سپورٹ کی گئی۔
چاوں وزرائے خارجہ نے ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جو علاقائی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
