حدود الشمالیہ فیسٹیول جو نئی نسل کو ثقافتی میراث سے جوڑ رہا ہے
’ 2026 کی گرمیوں میں ہماری منزل شمال‘ کے عنوان سے مختلف ایونٹ جاری ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
حدودِ شمالیہ کی بلدیہ نے’ 2026 کی گرمیوں میں ہماری منزل شمال‘ کے عنوان سے عرعر میں منعقدہ فیسٹیول میں تفریح اور ورثے سے متعلق مختلف تقریبات شروع کر دی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق اس فیسٹیول میں سیاحوں کے لیے تفریحی، ثقافتی اور مملکت کی میراث کی مختلف سرگرمیوں پر مبنی ایک طویل فہرست ہے۔
یہ حدودِ شمالیہ کی بلدیہ کا اپنا انیشیٹیو ہے جس کا مقصد میعارِ زندگی کو بہتر بنانا اور تفریحی مواقع کو پورے علاقے میں متعارف کرانا ہے۔
فیسٹیول میں دلچپسی کے مختلف پہلوؤں اور خاص پر طور فیملیوں کو نگاہ میں رکھتے ہوئے ایونٹس ترتیب دیے گئے ہیں۔ اِن میں بچوں کے لیے تھیئٹر سے متعلق انٹرایکٹیو پرفارمنسز بھی شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ تقریبات میں طرح طرح کے مقابلے اور کارٹون کے کرداروں کی شرکت بھی ہوگی۔
تقریبات کے ایک حصے میں الیکٹرونک گیمز، بچوں کے لیے ایسے کھیلوں کو بھی جگہ دی گئی ہے جن میں پلاسٹک میں ہوا بھر دی جاتی ہے اور اُسے تفریحی ڈھانچوں میں بدل دیا جاتا ہے۔ان کھیلوں میں ہوا سے بھری سلائڈ یا پِھسلن، باؤنسی کاسل یا بچوں کو اچھالنے والا قلعہ اور ہوائی جھولے وغیرہ شامل ہیں۔

اِن تقریبات میں تفریح کے کئی دیگر پروگرام، گروپوں میں کی جانے والی سرگرمیاں، فیملیوں کے درمیان مقابلے، فن کے مظاہرے اور انٹرایکٹیو شوز بھی رکھے گئے ہیں جو فیسٹیول کے دوران مرکزِ نگاہ رہیں گے۔
حدودِ شمالیہ کی بلدیہ کو توقع ہے کہ اِن تمام تفریحی سرگرمیوں کے باعث علاقے میں رونق و رعنائی کی فضا قائم ہوگی جس میں فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے ہر فرد کے لیے بِلا لحاظِ عمر لطف اندوز ہونے کا موقع موجود ہوگا۔

فیسٹیول میں مختلف حکومتی ادارے شرکت کر رہے ہیں جو موسمِ گرما کے اِس جش کو بھر پور طریقے سے منانے کے لیے اپنے اپنے پویلین بھی قائم کریں گے۔ اِن پویلینز کے ذریعے مہمانوں اور سیاحوں کو مختلف چیزوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی جبکہ معلومات اور انٹرایکٹیو خدمات کے علاوہ ثقافتی اور ورثے سے متعلق سرگرمیاں بھی پیش کی جائیں گی۔
یہ سرگرمیاں حدودِ شمالیہ کے زرخیز روایتی ورثے کو لوگوں کے سامنے لائیں گی، قومی شناخت کو تقویت دیں گے اور نئی نسل کو علاقے کی ثقافتی میراث سے جوڑ دیں گی۔
