Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورۂ سعودی عرب مکمل، وزیراعظم شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔ 
پی ایم آفس کی جانب سے سنیچر کی صبح جاری کیے گئے بیان کے مطابق مدینہ ایئرپورٹ پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیراعظم اور ان کے وفد کو الوداع کیا تھا۔
دورے کے دوران سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ نے مشترکہ سلامتی کو مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے جمعے کے روز ’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘ پر دستخط کیے تھے۔
معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
پی ایم آفس کا کہنا ہے کہ معاہدے سے تینوں ممالک کے دفاعی تعاون و برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ ہو گا۔

گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آلسعود نے وزیراعظم اور وفد کو الوداع کیا (فوٹو: پی ایم آفس)

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے ) کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغاان اور پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعے کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔
وزیراعظم نے دورے کے دوران عمرے کی سعادت حاصل کی اور مسجد نبوی میں روضہ رسول پر حاضری بھی دی۔
پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

شیئر: