’ماضی کی یادیں تازہ‘: الباحہ فیسٹیول میں خواتین کے روایتی کاموں کو اجاگر کیا گیا
یہ کام کبھی ماؤں اور دادیوں کا معمول ہوا کرتے تھے۔( فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن میں جاری نویں الاطاولہ فیسٹیول میں ایک خاص تقریب کے دوران ماضی میں خواتین کے روایتی کاموں اور روزمرہ کی مصروفیات کو اجاگر کیا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق لڑکیوں نے روایتی لباس زیب تن کرکے ان کاموں کی لائیو منظر کشی کی جو کبھی ان کی ماؤں اور دادیوں کا معمول ہوا کرتے تھے۔
ان کاموں میں لکڑیاں جمع کرنا اور پانی بھرنا، کپڑے دھونا اور روایتی طریقے سے کافی تیار کر کے پیش کرنا شامل تھا۔
اس خاص تقریب کا مقصد ماضی میں خواتین کے اہم کردار کو اجاگر کرنے کی ساتھ روز مرہ زندگی میں خاندان اور معاشرے کے لیے خدمات کو سراہنا تھا۔
روایتی اوزاروں اور مقامی وسائل کی نمائش بھی کی گئی، جبکہ پتھر سے بننے مکانات اور قدیم گلیوں نے اس ماحول کو حقیقت کے قریب تر بنا دیا۔

لڑکیوں کے ایک گروپ نے رویتی کاموں کا عملی مظاہرہ کرکے وزیٹرز کو ماضی کی دیہی زندگی کا قریب تر تجربہ فراہم کیا۔
اس انٹرایکٹو تجربے کے ذریعے وزیٹرز کو ان رسم و رواج اور روزمرہ کے معمولات سے روشناس کرایا گیا جنہوں نے ماضی میں اس خطے کے طرز زندگی کو تشکیل دیا تھا۔
اس اقدام کا مقصد مقامی ورثے کو محفوظ رکھنا، قومی شناخت کو مضبوط بنانا اور ماضی سے تعلق کو جوڑنا ہے۔

یہ فییسٹیول روزانہ مختلف پروگراموں کے ذریعے خاندانوں کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے، روایتی دستکاری، تعمیراتی ورثے، زراعت اور مقامی پکوانوں کی نمائش کی جاتی ہے۔
وزیٹرز کا کہنا ہے اس فیسٹیول نے ماضی کی یادیں تازہ کردیں، انہوں نے اپنے ہمسایوں اور احباب کے ساتھ دیہی زندگی کے قصے اور یادیں بھی شیئر کیں۔
