Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلجرشی کی 150 برس قدیم مارکیٹ کا نام ’سنیچر بازار‘ کیوں پڑا؟

یہ بازار علاقے کی دستکاری کے حوالے سے مشہور ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
الباحہ ریجن کی بلجرشی کمشنری کا ’سنیچربازار‘ علاقے کے اہم تاریخی و ثقافتی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جو اپنی روایتی دستکاری کے لیے مشہور ہے۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک دکاندار نے بتایا کہ یہ روایتی بازار 150 برس سے زیادہ قدیم ہے۔
’سنیچر بازار‘ کی وجہ تسمیہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں نہ صرف علاقے بلکہ قرب و جوار کے لوگ بھی بڑی تعداد میں آیا کرتے تھے، اسی لیے اس کا نام ’سنیچر بازار‘ پڑ گیا۔
تاہم یہ بازار ہر روز کھلا رہتا ہے۔ یہاں عود و بخور سے لے کر قدیم طرز کے برتن اور دیگر اشیا تک سب کچھ دستیاب ہے۔
بازار کی وجہ شہرت کے بارے میں دکاندار نے بتایا کہ اگرچہ یہاں روایتی اشیا کے علاوہ بھی بہت کچھ موجود ہے تاہم یہ بازار مہندی، بخور، مصالحوں اور اسی نوعیت کی دیگر اشیا کے حوالے سے خاص شہرت رکھتا ہے۔
 

یہاں انواع و اقسام کی مہندی اور اس کے سوکھے پتوں کے ساتھ  دستکاری کا دیگر سامان بھی دکانوں پر موجود ہوتا ہے۔
ماضی میں شادیوں یا دیگر خوشی کی تقریبات میں خاص اہمیت رکھنے والا ’دف‘ بھی یہاں دستیاب ہے۔ کچی مٹی سے بنائے گئے برتن جو مخصوص علاقائی پکوانوں کی تیاری کے لیے استعمال ہوتے ہیں، بھی اس بازار کی زینت ہوتے ہیں۔
قدیم طرز کے زیوارت جو عہدِ رفتہ میں خواتین اہم تقریبات میں استعمال کیا کرتی تھیں، بھی دستیاب ہیں۔

اس کے علاوہ قدیم طرز کی تلواریں، ’جنابی‘ (خنجر) بندوقیں وغیرہ بھی دکانوں میں رکھی جاتی ہیں۔
قدیم زمانے میں زیادہ تر شادیوں اور اہم تقریبات میں استعمال ہونے والے مخصوص برتن جو لکڑی سے بنائے جاتے تھے، وہ بھی اس بازار میں موجود ہیں۔
لکڑی سے بنی گہری پلیٹوں میں روٹی توڑ کر ڈالی جاتی اور اس پر شہد، دودھ یا گوشت کی یخنی ڈال کر نوش کرتے تھے۔

دلہن کے کمرے کی سجاوٹ کے لیے مخصوص کڑھائی والی چادر اور مختلف ملبوسات بھی بازار میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
چمڑے سے بنا نومولود کے لیے جھولا ماضی کی یادیں سمیٹے اس بازار میں آج بھی موجود ہے۔

 

شیئر: