سنہ 2027 میں 40 روزہ اور 20 سے 25 روزہ حج سکیم کے لیے کتنے لاکھ روپے ادا کرنا پڑیں گے؟
پاکستان کے وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ’حج 2027 کے پورے عمل کو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت عازمین گھر بیٹھے اپنی درخواست کا عمل مکمل کرنے، حج واجبات ادا کرنے اور دیگر مراحل سے متعلق سہولیات حاصل کر سکیں گے۔‘
پیر کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سردار یوسف نے بتایا کہ منظور شدہ حج پالیسی کے تحت سرکاری حج سکیم 2027 کے لیے ایک لاکھ 7 ہزار 526 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔‘
’اسی طرح 40 روزہ لانگ حج سکیم کا پیکج 12 لاکھ روپے جبکہ 20 سے 25 روزہ شارٹ حج سکیم کا پیکج 13 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔‘
وفاقی وزیر کے مطابق ’پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع ہوگی اور منتخب پیکج کی 50 فیصد رقم جمع کرانا لازم ہوگا، جبکہ دوسری قسط اکتوبر کے پہلے ہفتے میں طلب کی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’حج 2027 کی حتمی درخواستوں کے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پری رجسٹریشن مکمل کرنے والے قریباً چار لاکھ رجسٹرڈ عازمین اب اپنی حج درخواستوں کے عمل کو آگے بڑھا سکیں گے۔‘
’حج رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاسپورٹ آفس کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے، جس سے عازمین کے پاسپورٹ سے متعلق معلومات کی تصدیق اور درخواستوں کی پروسیسنگ میں مزید بہتری آئے گی۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’حبیب بینک لمیٹڈ کو وزارتِ مذہبی امور کا مجاز بینکنگ پارٹنر مقرر کیا گیا ہے، جو حج درخواستوں اور واجبات کی ادائیگی کے عمل میں وزارت کے ساتھ معاونت کرے گا۔‘
’سرکاری حج سکیم کے تحت حج واجبات کی ادائیگی کے لیے عازمین کو تین آسان ڈیجیٹل ذرائع فراہم کیے گئے ہیں۔ عازمین ون لنک پی ایس آئی ڈی کے ذریعے، کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے یا پاک حج ایپ سے ڈیجیٹل چالان فارم ڈاؤن لوڈ کرکے حبیب بینک کی کسی بھی برانچ سے ادائیگی کر سکیں گے۔‘
سردار محمد یوسف نے کہا کہ ’یہ پورا نظام محفوظ، شفاف اور خودکار ہے اور ہر ادائیگی براہ راست حکومتی نظام میں ریکارڈ ہوگی، جس سے ہر مرحلے پر شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے گا۔‘
’سرکاری حج سکیم میں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر آن لائن نظام کے ذریعے رقم جمع کرانے والے درخواست گزاروں کی نشستیں کنفرم ہوتی جائیں گی اور نشستیں مکمل ہونے پر مزید ادائیگی روک دی جائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’شارٹ حج سکیم کے لیے 30 ہزار نشستیں مختص ہیں اور یہ تعداد مکمل ہوتے ہی اس سکیم کے لیے آن لائن ادائیگی کا عمل روک دیا جائے گا۔‘
وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ ’حج 2027 کی نشستیں مکمل ہونے کی صورت میں باقی رجسٹرڈ عازمین کو آئندہ سال کی ویٹنگ لسٹ میں رکھا جائے گا، جبکہ حج 2028 سے 2030 کے لیے رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری رہے گا۔‘
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ ’لانگ ٹرم حج سکیم کے لیے 10 فیصد ادائیگی کے بارے میں اعلان موجودہ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔‘
’حج 2027 کے لیے پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 71 ہزار 684 نشستیں مختص ہیں۔ پرائیویٹ عازمین حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے حکومت سے منظور شدہ 25 مجاز حج آرگنائزرز کے پیکجز دیکھ کر اپنی پسند کا پیکج اور منظم کمپنی منتخب کر سکیں گے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ نجی حج سکیم کے تحت بھی تمام انتخاب اور ادائیگی مقررہ سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ہی ہوگی اور اس نظام سے باہر کسی بھی قسم کی مالی لین دین یا براہ راست ادائیگی قابل قبول نہیں ہوگی۔‘
’عازمین حج کسی بھی نجی ٹُور آپریٹر یا کمپنی کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔ عازمین صرف وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور پاک حج ایپ، حج پورٹل اور وزارت کے سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔‘
