Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریدہ فوڈ سِٹی: زرعی مصنوعات کی مارکیٹنگ کا قومی مرکز

وزارتِ ماحولیات، آب اور زراعت کی قصیم برانچ سے وابستہ بریدہ فوڈ سِٹی، چھوٹے بڑے کاروباری افراد کے درمیان تعاون کے ذریعے زرعی پیداوار کو منظم اور مارکیٹ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس کی وجہ سے غذائی تحفظ، پیداوار کی ترسیل اور مملکت میں اِس کی تقسیم میں سہولت پیدا ہو جاتی ہے۔
فوڈ سِٹی کا مرکزی حصہ 54 ہزار سکوائر میٹر پر پھیلا ہوا ہے جس میں بنیادی عمارت 14 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر واقع ہے جبکہ 40 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر محیط حصے کو نیلامی اور پروڈکٹس کی مال برداری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اِس اشتراکِ عمل سے زرعی پروڈکٹس کی تجارت اور مارکیٹنگ کے لیے جامع ماحول فراہم ہو جاتا ہے۔
اوسطاً فوڈ سِٹی میں روزانہ کی بنیاد پر 350 گاڑیاں اور ٹرک، سبزیاں اور دیگر زرعی پروڈکٹس لے کر آتے ہیں۔ یہاں سے روزانہ 100 ٹرک، سعودی عرب میں مختلف مقامات کی جانب روانہ ہوتے ہیں جس سے مملکت بھر کی مارکیٹوں میں تازہ پیداور کی تقسیم سے قصیم کے علاقے کا کردار اجاگر ہوتا ہے۔
بریدہ کے فوڈ سِٹی میں درجنوں اقسام کی سبزیوں کا کاروبار ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ فوڈ سِٹی، پورا سال ملک بھر کی مختلف مارکیٹوں کو طرح طرح کی موسمی زرعی اجناس بھی سپلائی کرتا ہے۔

شہر کی مختلف دکانوں اور مارکیٹ میں لگائے گئے سٹالوں پر لگ بھگ 170 سعودی شہری کام کرتے ہیں۔ نیلامی کے مقام پر مارکیٹنگ کے لیے 12 دفتر قائم کیے گئے ہیں جہاں تقریباً 60 سعودی کاروباری نمائندے بیٹھتے ہیں۔ علاوہ ازیں بڑی تعداد میں کاشتکار اور زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی یہاں موجود ہوتے ہیں۔
اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ شہر کاشتکاروں کو تعاون فراہم کرنے، قومی ٹیلنٹ کو بااختیار بنانے اور زرعی شعبے سے وابستہ معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

بریدہ کا فوڈ سِٹی، سعودی عرب کے زرعی مارکیٹنگ کے نظام کی مضبوطی میں مسلسل مصروفِ عمل ہے جس کے لیے باہمی تعاون پر مبنی ایک پلیٹ فارم موجود ہے جو مارکیٹنگ، سٹوریج، مال برداری اور خدمات کی تقسیم سر انجام دیتا ہے۔ اس طریقِ کار سے تجارتی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے اور زرعی پروڈکٹس کو مملکت بھر کی منڈیوں تک پہنچانے کے نظام میں بھی بہتری پیدا ہوتی ہے۔

شیئر: