Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرونِ ملک خدمات کا اعتراف، سعودی عرب میں مقیم دو پاکستانیوں کے لیے تمغۂ امتیاز

ریاض میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک خصوصی تقریب میں سفیر احمد فاروق نے صدرِ پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والے دو پاکستانیوں کو اعزازات سے نوازا۔
پاکستان ڈاکٹر گروپ کے سابق صدر ڈاکٹر اسد اللہ رومی اور پاکستان حج رضا کار گروپ کے کنوینیئر ابرار تنولی کو پاکستانی کمیونٹی، صحت اور حجاجِ کرام کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں تمغۂ امتیاز دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان احمد فاروق نے دونوں شخصیات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی پیشہ ورانہ اور سماجی خدمات کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر اسد اللہ رومی اور ابرار تنولی نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی عرب میں مقیم 28 لاکھ پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے دونوں اعزاز یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ اعزاز نہ صرف باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے بلکہ بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے والی خدمات کا اعتراف بھی ہے۔

شیئر: