بریدہ ڈیٹس فیسٹیول میں روزانہ کھجوروں کی 100 سے زائد اقسام
فیسٹیول میں کھجوروں سے لدی سیکڑوں گاڑیاں آتی ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں بریدہ کھجور فیسٹول خطے میں سب سے نمایاں مارکیٹنگ آؤٹ لیٹس میں سے ایک ہے جہاں کھجوروں سے لدی سیکڑوں گاڑیاں آتی ہیں۔
فیسٹیول میں روزانہ کھجور کی 100 سے زائد اقسام کی آمد دیکھی جا رہی ہے جو قصیم ریجن کی بھر پور زرعی پیداوار اور اعلی معیار کی عکاسی کرتی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس کے ساتھ یہ فیسیٹول کسانوں، تاجروں اور خریداروں کی بڑی تعداد کو بھی متوجہ کر رہا ہے۔
یہ وسیع تنوع فیسٹیول کے دوران مضبوط تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہے جس میں یومیہ ڈسپلے، نیلامی اور مارکیٹنگ شامل ہے۔ اس سے منسلک لاجسٹک جیسے پیکیجنگ اور ٹرانسپورٹیشن کی خدمات شامل ہیں۔
واضح رہے یہاں سے کھجوریں پیک کرکے مملکت کے اندر شہروں کے علاوہ شمالی امریکہ، یورپ اور مشرقی ایشیا کے 100 سے زیادہ ملکوں کے ساتھ عرب اور خلیجی ملکوں میں برآمد کی جاتی ہیں۔
قصیم ریجن سالانہ تین لاکھ 90 ہزار ٹن سے زیادہ کھجور پیدا کرتا ہے۔ کاشتکار دو ملین سے زیادہ اضافی کھجور کے درخت لگا کر پیداوار کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کھجور کے درختوں میں اضافے سے پیداوار اور نان آئل ریونیو میں اضافے سے سعودی وژن 2030 کے حصول میں مدد ملے گی۔
سعودی عرب میں قومی سینٹر برائے کھجور سعودی کھجور کو عالمی خریداروں کے اولین ترجیح بنانے کے لیے نجی سیکٹر کے تعاون سے مختلف انیشیٹوز پر کام کررہا ہے جس میں زرعی اور صنعتی پریکٹسز میں بہتری کے ذریعے کھجور کے معیار کو بہتر بنانا اور مارکیٹنگ میں سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔
