الباحہ میں فور بائی فور گاڑیوں کی ماؤنٹین سکلز تقریب کی میزبانی
اس ایونٹ میں فور بائی فور گاڑیوں کے شائقین کے لیے مختلف چیلنجنگ ٹریکس اور ڈرائیونگ کے تجربات شامل تھے (فوٹو: ایس پی اے)
بلجرشی گورنریٹ کی بنی کبیر میونسپلٹی نے الباحہ سمر 2026 کی سرگرمیوں کے سلسلے میں گزشتہ روز فور بائی فور ماؤنٹین سکلز شو کیس کا اہتمام کیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ ایونٹ وزارتِ کھیل کی نگرانی اور سعودی آٹوموبیل اینڈ موٹر سائیکل فیڈریشن کی شرکت کے ساتھ بنی کبیر کے پرنس متعب بن عبدالعزیز پارک میں منعقد ہوا۔
اس ایونٹ میں فور بائی فور گاڑیوں کے شائقین کے لیے مختلف چیلنجنگ ٹریکس اور ڈرائیونگ کے تجربات شامل تھے، ساتھ ہی فیملیز کے لیے تفریحی سرگرمیاں بھی پیش کی گئیں جس سے الباحہ کے سیاحتی اور تفریحی منظر نامے میں ایڈونچر اور پہاڑی کھیلوں کی موجودگی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
الباحہ ریجن میں وزارتِ کھیل کے ڈائریکٹر بندر الغامدی نے بتایا کہ یہ ایونٹ الباحہ سمر کی مختلف سرگرمیوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس کا مقصد جسمانی سرگرمیوں کو فروغ دینا، کھیلوں کی ثقافت کو عام کرنا اور ہر عمر کے لوگوں کے لیے نئی سرگرمیاں پیش کر کے مقامی لوگوں اور سیاحوں کے تجربات کو بہترین بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ریجن میں کھیل، سیاحت اور تفریح کے شعبوں کے اہداف کو بھی تقویت دیتا ہے۔
