Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں چارٹر طیارہ ریڈار سائٹ کے قریب گِر کر تباہ، آٹھ افراد سوار تھے

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں (فائل فوٹو: اے پی)
امریکہ میں ایک چارٹر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں آٹھ افراد سوار تھے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقعہ جمعرات کو ریاست الاسکا کے مغربی حصے کے دور افتادہ علاقے میں اس وقت پیش آیا جب جہاز ایک ریڈار سینٹر کے قریب ڈولتا ہوا دیکھا گیا اور چند سیکنڈز کے دوران ہی گر کیا۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ الاسکا کے سربراہ کلنٹ جانسن کی جانب سے واقعے کے بعد بیان میں بتایا گیا ہے کہ طیارے میں چھ افراد اور دو پائلٹ سوار تھے۔
ان کی جانب سے یہ تفصیل فراہم نہیں کی گئی کہ حادثے کی وجہ کیا تھی اور طیارے پر سوار افراد کا کیا بنا۔
انہوں نے بیان میں یہ بتایا کہ طیارے نے اینکریج سے اڑان بھری تھی اور کیپ نیونہم کی طرف جا رہا تھا تاہم پرواز کے دوران وہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
سربراہ کلنٹ جانسن کا کہنا ہے کہ اب تک سامنے آنے والی اطلاعات ابتدائی نوعیت کی ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اسی طرح الاسکا ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کیپ نیونہیم کے قریب جہاز کے حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد تحقیقاتی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
سینٹر کا کہنا ہے طیارے کے حوالے سے مزید معلومات دستیاب ہونے پر جاری کر دی جائیں گی۔
اس دوران میڈیا کے مختلف اداروں کی جانب سے سینٹر کے حکام سے مختلف سوالات بھجوائے گئے ان کا جواب سامنے نہیں آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر جہاز کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم اس ضمن میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

شیئر: