Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں بھکاری خاتون کی موت کے بعد گھر سے نوٹوں کی 30 بوریاں برآمد

68 سالہ حور نامی بھکاری خاتون کا چند روز قبل انتقال ہوا تھا (فوٹو: ٹریبیون انڈیا)
انڈیا میں ایک بھکاری خاتون کے گھر سے اس کے مرنے کے بعد 30 سے زائد پیسوں سے بھری بوریاں ملی ہیں۔
انڈین اخبار ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے علاقے ماندیا کا ہے۔ حور نام کی 68 سالہ خاتون کئی سال سے کرائے کے چھوٹے سے گھر میں رہائش پذیر تھیں۔
ان کے ساتھ ان کی ایک بہن بھی رہتی تھیں۔ محلے داروں کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین نے شادی نہیں کی تھی اور ان کے دیگر رشتہ داروں کے بارے میں بھی کسی کو زیادہ معلوم نہیں۔
ان میں سے حور نام کی خاتون کو گلیوں بازاروں میں بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ ان کی دوسری بہن بیمار تھیں جو زیادہ تر گھر پر ہی رہیں۔
قریبی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل حور کی بہن کا انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد بھی حور وہیں رہائش پذیر رہیں اور بھیک مانگ کر گزارہ کرتیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چند روز سے حور بھی بیمار تھیں اور گھر سے باہر آتی نہیں دیکھی گئیں جس پر چند خواتین نے اندر نے جا کر دیکھا تو وہ انتقال کر چکی تھیں۔
محلے داروں کا کہنا ہے کہ ان کا چھوٹا سا گھر انتہائی بری حالت میں تھا، جہاں ہر طرف سامان بکھرا پڑا تھا جبکہ ان کی چارپائی کے نیچے اور کونوں میں 30 سے زائد بوریاں پڑی تھیں۔
جن کو چیک کیا گیا تو ان میں نوٹ اور سکے بھرے ہوئے تھے یہ رقم زیادہ تر 10 اور 20 روپے کے نوٹوں پر مشتمل تھی۔
اس وقت کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جب لوگ ان کے گھر میں داخل ہوئے اور بوریوں کو کھولا۔
بوریوں میں موجود نوٹوں کی گڈیاں اور سکے اس میں واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق علاقے کے لوگوں نے تمام بوریوں کو ایک جگہ پر جمع کیا اور جب تمام نوٹ اور سکے نکال کر گنے گئے تو ان کی مالیت قریباً نو لاکھ انڈین روپے تھی۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محلے والوں نے بوریوں کو تحفظ کے ساتھ رکھا اور بھکاری خاتون کے رشتہ داروں کا پتہ چلایا جس میں ان کے دو بھائی سامنے آئے اور وہ رقم ان کے حوالے کر دی گئی۔

شیئر: