Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف اقدامات کا خیرمقدم

پاکستان نے برطانوی حکومت کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے آنے والی اشیا پر پابندی عائد کرنے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کُھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
بدھ کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’اس طرح کے غیر قانونی اقدامات دو ریاستی حل کے حصول اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔‘
’پاکستان، کینیڈا، ڈنمارک، فِن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، آئرلینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سپین اور سویڈن سمیت کئی دیگر ممالک کی جانب سے اسی نوعیت کے اقدامات پر غور کرنے اور غیر قانونی بستیوں کے خلاف کوششوں کی حمایت کے اعلانات کا خیرمقدم کرتا ہے۔‘
پاکستان نے اس حوالے سے اُمید ظاہر کی ہے کہ ’اِن ممالک کے یہ اقدامات فلسطین کے مقبوضہ علاقے میں اسرائیل کی غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرنے کا واضح اور دوٹوک پیغام دیں گے۔‘
ترجمان دفترِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان ماضی میں بھی فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی مُنصفانہ جدوجہد میں اُن کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اُن کی حمایت جاری رکھے گا۔‘
’پاکستان ایک خودمختار، آزاد اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو۔‘

شیئر: