Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زرعی زمینوں سے پُرسکون سیاحتی مقامات تک: جدہ کے دیہی فارم سیر و تفریح کے نئے مراکز

جدہ کے شمال میں واقع دیہی علاقوں میں بنیادی قسم کی معاشی اور سیاحتی تبدیلی ہو رہی ہے جہاں بیشتر مالکان اپنے روایتی فارم کو تفریحی مقامات اور سیاحوں کے قیام کی جگہوں میں بدل رہے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ تبدیلی، سعودی وژن 2030 کے مقاصد سے مطابقت رکھتی ہے جس کے تحت آمدن کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنا، اندرونِ ملک سیاحت کے لیے تعاون اور جدہ کے رہائشیوں اور سیاحوں کے بڑھتے ہوئے مطالبے کو پورا کرنا ہے کہ اُن کے قیام کے لیے شہر کی تیز رفتار زندگی سے دُور پُرسکُون قدرتی مقامات بنائے جائیں۔
دہائیوں سے جدہ کے شمال میں واقع نواحی علاقے، مقامی مارکیٹوں کو سبزیاں، پھل اور کھجوریں فراہم کرنے کے لیے مشہور تھے۔ لیکن آج سرمایہ کار، زرعی سرگرمیوں اور سیاحتی اور تفریحی تجربات کو یکجا کر کے اُنہی مقامات کو خوبصورت مناظر کی شکل دے رہے ہیں۔
اب یہ فارم، صرف زرعی پیداوار کے لیے وقف نہیں رہے۔ بہت سے فارم ایسے مربوط سیاحتی اور تفریحی مراکز کی صورت اختیار کر چکے ہیں جہاں دیہی ماحول میں کشادہ رہائشی مکانات، پرائیویٹ سوئمنگ پُول، اہتمام سے تیار کیے گئے سبزہ زار اور بچوں کے کھیلنے کے خصوصی ایریاز ہیں۔
یہ فارم اپنے کھجور اور سِٹرس یا تُرش پھلوں کے درختوں کو محفوظ رکھتے ہیں جس سے اِن کی زرعی شناخت برقرار رہتی ہے اور سیاحوں کو فطرت کے پہلو میں آرام کے لمحات اور سُکون کے حقیقی تجربے سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع مل جاتا ہے۔

تفریح کے علاوہ، جدہ کے نواحی علاقوں میں فارم کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کرنے سے سعودی نوجوانوں کے لیے مہمان نوازی، تقاریب کے بندوبست اور دیہی سیاحت کے شعبے میں ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
اِن تبدیلیوں سے لوگوں میں ماحولیاتی شعور بھی بیدار ہو رہا ہے اور جدہ کے نواح میں سبزے سے ڈھکی زمینیں بھی محفوظ ہو رہی ہیں۔ اِس کے علاوہ اُن زمینوں کو ازسرِ نو سر سبز و شاداب قطعات میں تبدیل کر کے ماحولیاتی پائیداری کو تعاون فراہم کیا جا رہا ہے جن سے ماضی میں فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا تھا۔

جُوں جُوں یہ شعبہ ترقی کر رہا ہے، جدہ کے نواحی فارم، زرعی پیداوار کے کھیت نہیں رہے بلکہ سیاحت کے قدرتی اور پُرکشش مقامات میں ڈھل رہے ہیں۔ اِس طرح سیاحوں کو روایتی ساحلی تفریح کے ساتھ ساتھ قدرتی اور پُرسکون دیہی ماحول اور فطرتی مناظر کے قریب خوشگوار فضاؤں میں وقت گزارنے کا ایک نیا موقع بھی مِل رہا ہے جس سے مملکت کے، پائیدار سیاحت کی ترقی اور اِسے فروغ دینے کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

شیئر: