Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میڈ ان پاکستان‘ آئی فون؟ شہباز شریف کی امریکہ میں ایپل کے سی ای او سے ملاقات متوقع

چیئرمین قائمہ کمیٹی کے مطابق اب تھری جی کے بجائے فائیو جی فونز کی ضرورت ہے۔(فوٹو: ویڈیو گریب)
وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ امریکہ کے دوران ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان میں ایپل کے موبائل فونز کی تیاری یا اسمبلی شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ حکومت ایپل کو پاکستان لانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور وزیراعظم امریکہ میں ایپل کے سی ای او سے ملاقات کریں گے۔
ان کے مطابق پاکستان میں اس وقت 37 کمپنیاں موبائل فونز بنا رہی ہیں اور اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد موبائل فونز تیار کیے جا چکے ہیں۔
قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں موبائل فونز بننا اچھی بات ہے، تاہم مقامی پیداوار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بننے والے موبائل فونز سستے اور معیاری ہونے چاہییں اور اب ملک میں تھری جی کے بجائے فور جی اور فائیو جی فونز کی ضرورت ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ملک کا وژن ’سمارٹ فون فار آل‘ ہونا چاہیے۔
سیکرٹری آئی ٹی کے مطابق پاکستان میں اس وقت 20 کروڑ صارفین موبائل فون استعمال کر رہے ہیں۔
دریں اثنا چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں ہر چھ ماہ بعد شہریوں کا فون چھن جاتا ہے، جس کے باعث انہیں نیا فون خریدنا پڑتا ہے۔

شیئر: