Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل نے پہلا فولڈ ایبل ’آئی فون ڈیو‘ متعارف کرا دیا، مزید ماڈلز کون کون سے ہیں؟

’ایپل نے آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ متعارف کرا دیے ہیں (فوٹو: ایپل)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے طویل انتظار کے بعد اپنا پہلا فولڈ ایبل سمارٹ فون ’آئی فون ڈیو‘ متعارف کرا دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ’ایپل‘ نے بدھ کو کمپنی کے پہلے لانچ ایونٹ میں فولڈ ایبل آئی فون پیش کیا، جو یکم ستمبر کو جان ٹرنَس کے بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد کمپنی کی پہلی بڑی لانچ تقریب بھی ہے۔
’ایپل‘ کا پہلا فولڈ ایبل سمارٹ فون ’سام سنگ‘ کی جانب سے اس شعبے میں پہل کیے جانے کے تقریباً سات سال بعد سامنے آیا ہے، تاہم امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ فولڈ ایبل فونز کی مارکیٹ میں نمایاں حصہ حاصل کرے گی۔
کیوپرٹینو، کیلیفورنیا میں ’ایپل‘ کے ہیڈکوارٹرز میں واقع سٹیو جابز تھیٹر میں دکھائی گئی ویڈیو میں جان ٹرنَس نے کہا کہ ’دیگر کمپنیوں نے ایسے فولڈ ایبل فونز بنائے ہیں جو ’دو فونز کو عجیب انداز میں جوڑنے‘ جیسے محسوس ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایپل ایسا ڈیوائس تیار کرنا چاہتا تھا جس میں بڑی سکرین ہو اور جو صارف کو آئی پیڈ کی طرح قدرتی اور آسان محسوس ہو۔‘
فولڈ ہونے کی صورت میں ’آئی فون ڈیو‘ تقریباً پاسپورٹ کے حجم اور شکل کا ہے، جبکہ اسے ٹائٹینیم سے تیار کیا گیا ہے۔ فون میں 7.6 انچ کی اندرونی اور 5.4 انچ کی بیرونی ڈسپلے سکرین دی گئی ہے۔
’ایپل‘ کے مطابق ’آئی فون ڈیو‘ دو رنگوں، ’سٹار وائٹ‘ اور ’نائٹ سکائی‘ میں دستیاب ہوگا، جبکہ یہ فون 23 اکتوبر سے دنیا کے 70 ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
’ایپل‘ نے فون میں متعدد کیمروں کو بھی نمایاں کیا ہے، جن میں سامنے کی جانب ایک کیمرا، پشت پر دو کیمرے اور اندرونی جانب ایک کیمرا شامل ہے۔ کمپنی کے مطابق فون کو مکمل طور پر کھولنے کی صورت میں یہ کیمرے بیک وقت استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
’آئی فون ڈیو‘ کی ابتدائی قیمت ایک ہزار 999 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو سام سنگ کے ’گلیکسی زیڈ فولڈ 8‘ کی تقریباً ایک ہزار 899 ڈالر کی ابتدائی قیمت سے کچھ زیادہ ہے۔
’ایپل‘ نے صارفین کے لیے ’’ایپل‘ اپ گریڈ‘ کے نام سے نیا ماہانہ لیزنگ پروگرام بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت صارفین فون کی قیمت ایک یا دو سال میں ادا کر سکیں گے۔

’ایپل‘ نے ’آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ متعارف کرا دیے

’ایپل نے آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ متعارف کرا دیے ہیں جن میں کیمرا، بیٹری، کارکردگی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں نمایاں اپ گریڈز کیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق دونوں نئے ماڈلز میں 48 میگا پکسل کا فیوژن مین کیمرا دیا گیا ہے، جس میں پہلی بار ویری ایبل اپرچر کی سہولت شامل کی گئی ہے۔ کیمرے میں 6 لیزر کٹ بلیڈز مختلف اپرچرز کے درمیان خودکار طور پر تبدیلی کرتے ہیں، جس سے کم روشنی میں بہتر تصاویر اور زیادہ واضح تفصیلات حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ صارفین کیمرہ ایپ میں اپرچر، شٹر سپیڈ اور وائٹ بیلنس سمیت مختلف سیٹنگز کو بھی دستی طور پر تبدیل کر سکیں گے۔
’ایپل‘ نے فوٹو کی صداقت جانچنے کے لیے ’ایپل ریفرنس امیج‘ بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے تصویر کے اصل ڈیٹا کو محفوظ رکھتے ہوئے اس میں کی جانے والی تبدیلیوں کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر فوٹو جرنلسٹس، فوٹوگرافرز اور عام صارفین کے لیے مفید ہوگا۔
نئے آئی فونز میں اے 20 پرو چپ استعمال کی گئی ہے، جو 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کی گئی ہے۔ ایپل کے مطابق اس میں اے 19 پرو کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ میموری بینڈوڈتھ اور 40 فیصد تک تیز جی پی یو کارکردگی فراہم کی گئی ہے۔
’آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ میں نیا ڈائنامک آئی لینڈ، بہتر تھرمل مینجمنٹ اور زیادہ بیٹری لائف بھی دی گئی ہے۔ ای سم والے ماڈلز میں ’آئی فون 18 پرو‘ پر 36 گھنٹے اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ پر 45 گھنٹے تک ویڈیو پلے بیک کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دونوں فونز چار رنگوں، بلیک، سلور، گلیشیئر اور نئے برگنڈی میں دستیاب ہوں گے۔ ’آئی فون 18 پرو‘ کی ابتدائی قیمت ایک ہزار 199 ڈالرز جبکہ ’آئی فون 18 پرو میکس‘ کی قیمت ایک ہزار 299 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ پری آرڈرز 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ فروخت 18 ستمبر سے شروع ہوگی۔

شیئر: