Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

المجمعہ شہر کا تاریخی واچ ٹاور، نجدی دفاعی فنِ تعمیر کا شاہکار

ماضی میں واچ ٹاور کے ذریعے قصبے کی نگرانی کا کام لیا جاتا تھا(فوٹو، ایس پی اے)
مملکت شہر المجمعہ کے مغرب میں واقع ’منیخ‘ پہاڑ کی چوٹی پر قائم ’مرقب‘ (واچ ٹاور) قدیم نجدی دفاعی طرزِ تعمیر کی شاندار مثال ہے۔ عہدِ رفتہ میں شہری دفاعی ضرورت کے پیش نظر اسے تعمیر کیا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مرقب ایک ایسے پہاڑ پر تعمیر کیا گیا ہے جو اطراف کی زمین سے تقریبا 25 میٹر کی بلندی پرہے۔ جس کی وجہ سے یہ اطراف پر نظر رکھنے کا بہترین وسیلہ مانا جاتا تھا۔
دستیاب تاریخی معلومات کے مطابق ’منیخ‘ نام ماضی کی ایک قدیم بستی کی نسبت سے رکھا گیا تھا جو پہاڑ کے قریب واقع تھی، مرقب (واچ ٹاور) کی تاریخ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ 9 ویں صدی ہجری کی تیسری دہائی یعنی 15 ویں صدی عیسوی تک کی ہے۔
ماضی میں قصبوں اور قلعوں کی نگرانی کے لیے ایسے واچ ٹاور بنائے جاتے تھے۔ زمانہ امن میں یہ آبادیوں کے اطراف کی نگرانی میں کام آتے تھے جبکہ جنگ کے دوران دشمن کی نقل و حرکت کا پتا لگانے کے لیے استعمال ہوا کرتے تھے۔ خطرے کی صورت میں وہاں متعین محافظ آگ روشن کرکے شہر کے لوگوں کو خبردار کیا کرتے تھے۔

مرقب کے اطراف قدیم مکانوں کو بھی ازسرنوتعمیر کیا گیا(فوٹو، ایس پی اے) 

جبل منیخ کی دفاعی اہمیت صرف چوٹی پر قائم ’مرقب‘ تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ اس کے ساتھ ایک مضبوط فصیل بھی تھی، جس میں تین نگرانی و دفاعی ٹاورز بھی تھے۔ پہاڑ سے گزرنے والی فصیل کو اس انداز میں تعمیر کیا گیا کہ قدرتی جغرافیہ بھی دفاعی نظام کا حصہ بن گیا۔
فصیل کے پہاڑی حصے کو پتھروں سے تعمیر کیا گیا۔ اس کی بنیاد نسبتا موٹی جبکہ اوپری حصہ بتدریج تنگ ہوتا جاتا ہے۔ فصیل میں نگرانی و تیراندازوں کےلیے مخصوص سوراخ بھی بنائے گئے تھے۔
واچ ٹاور یا مرقب کی بلندی 12 میٹر کے قریب ہے جبکہ اوپری جانب کا محیط کم ہوجاتا ہے, اس کی نچلی سطح پتھر جبکہ باقی تعمیر میں گارے کی اینٹوں کا استعمال کیا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس ٹاور کی تعمیر میں دفاعی ضرورت کے ساتھ ساتھ جمالیاتی پہلووں کو بھی سامنے رکھا گیا ہے۔ اس کی چوٹی پر نجدی طرز کے نقوش بنائے گئے ہیں، جبکہ چھتوں اور دروازوں میں مقامی ’اثل‘درخت کی لکڑی کا استعمال کیا گیا۔

 سیاحوں کی سہولت کے لیے معلوماتی بورڈز بھی نصب کیے گئے(فوٹو، ایس پی اے)

گزشتہ برسوں کے دوران مرقب اور اس کے اطراف قائم قدیم آبادی کی اصلاح و مرمت و ترقیاتی کام انجام دیئے گئے، جن میں فصیل اور ٹاورز کی بحالی، منہدم حصوں کی دوبارہ تعمیر، پہاڑ کی چوٹی تک سیاحوں کے لیے راستوں کو منظم کرنا اور سیڑھیوں کی تعمیر، روشنی کا انتظام اور رہنمائی کے لیے معلوماتی بورڈز کی تنصیب شامل ہے۔
مرقب اور منیخ ، مجمعہ کے نمایاں سیاحتی مقامات میں شامل ہیں جہاں سال بھر سیاح آتے ہیں ، جو ٹاور کبھی شہر کی طرف آنے والوں پر نظر رکھنے اور خطرے سے خبردار کرنے کےلیے استعمال ہوتا تھا وہ اب مجمعہ کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کی کہانی سنانے والی تاریخی علامات بن چکا ہے۔

شیئر: