وزیراعلٰی سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کے 24 ارکانِ قومی اور صوبائی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پی ٹی آئی کے 24 ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی جانب سے پیر کو جاری کیا گیا۔
پولیس کی یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے تھانہ کوہسار کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی نے پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم جاری کیا ہے ان میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا نام بھی شامل ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے دیگر جن رہنماؤں کے پاسپورٹس بلاک کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ان میں ارکان قومی اسمبلی اسد قیصر، جنید اکبر، شاہد خٹک، شہرام ترکئی کے نام شامل ہیں۔
اسی فہرست میں سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، شاہ احد، ، ڈاکٹر امجد علی اور زبیر وزیر کا نام بھی شامل ہے۔
ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر، اختر خان، ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان، بابر سلیم سواتی، عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے نام بھی اسی فہرست کا حصہ ہیں۔
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کا کہنا ہے کہ ’دستیاب ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان اس مقدمے میں نامزد ہیں اور تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی عمل سے بچنے کیلئے ملک سے فرار ہو سکتے ہیں۔‘
’تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور اور ایف آئی اے کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ آئندہ احکامات تک اِن افراد کے پاسپورٹ بلاک کردے۔‘
عدالت نے کہا کہ ’ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملے اور دہشت گردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات ہیں، ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے ہیں۔‘
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ ’جن ملزمان نے عبوری ضمانت حاصل کی وہ بھی مقدمے میں شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔‘
