کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کا اختتام، فاتحین کو لاکھوں ریال کے انعامات
فیسٹیول طائف کے کیمل ریسنگ ٹریک پر3 سے 13 ستمبر تک جاری رہا ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کے فاتحین کو اعزازات سے نوازا ہے۔
سعودی کیمل ریس فیڈریشن کے زیر اہتمام فیسٹیول کا آٹھواں ایڈیشن طائف کے تاریخی کیمل ریسنگ ٹریک پر3 سے 13 ستمبر تک جاری رہا۔
ایس پی اے کے مطابق مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں سعودی عرب اور خلیجی ملکوں کے 114 بہترین اونٹوں نے حصہ لیا۔
متحدہ عرب امارات کے حمد العامری کی ملکیت اونٹ ’المایدی‘ نے زمول جنرل کیٹیگری میں ریس جیت کر البندوق ٹرافی اور ایک ملین ریال کا انعام حاصل کیا۔ متحدہ عرب امارات کے اونٹ ’نھاب‘ نے زمول اوپن کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی ٹرافی اور ایک ملین ریال انعام اپنے نام کیا۔
حیل کیٹگری کے مقابلے میں سعودی شہری عقاب محمد الدھاسی کی ملکیت اونٹنی (انتباہ) نے حیل اوپن کا ٹائٹل (السیف ٹرافی) اور 1.5 ملین ریال کا انعام حاصل کیا۔

اس کے علاوہ سعودی اونٹ کے مالک عبداللہ القحطانی کو بھی اعزاز سے نوازا گیا جو کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول میں پوائنٹس کی بنیاد پر فاتح رہے- انہیں ٹرافی اور پانچ لاکھ ریال کا انعام دیا گیا۔
یاد رہے فیسٹیول میں 248 مقابلے منعقد ہوئے۔ تمام مقابلوں کے لیے مجموعی طور پر 50 ملین ریال سے زائد کی انعامی رقم مختص کی گئی۔
سعودی وزیر سپورٹس شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے آٹھویں ایڈیشن کی سرپرستی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ 2018 میں اپنے آغاز کے بعد سے فیسٹیول نے کئی اہم اعزازات بھی حاصل کیے ہیں جن میں چار گنیز ورلڈ ریکارڈز اور 2023 میں مکہ اکنامک ایکسیلنس ایوارڈ شامل ہے جو ثقافتی تحفظ، معاشی ترقی اور سعودی ورثے کے فروغ میں اس کی خدمات کا اعتراف ہے۔
