سعودی ولی عہد قاہرہ سے روانہ، مصری صدر کو شکریے کا پیغام
مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ ایئرپورٹ پر انہیں الوداع کیا۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصر کے مختصر سرکاری دورے کے بعد منگل کو قاہرہ سے روانہ ہوگئے۔
ایس پی اے کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انہیں الوداع کیا۔
علاوہ ازیں سعودی ولی عہد نے قاہرہ سے روانگی پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو شکریے کا پیغام بھیجا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دورے میں ہونے والی بات چیت دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور تمام شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی مشترکہ خواہش کی عکاس ہے۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد اور مصری صدر نے ملاقات میں قریبی سکیورٹی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک تعلقات، انہیں مختلف شعبوں میں ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے عرب اور اسلامی دنیا سے متعلق امور، مشرق وسطی کی صورتِ حال خصوصا علاقائی سکیورٹی، استحکام، میری ٹائم سکیورٹی اور فریڈم آف نیویگیشن کے حوالے سے کوششیں مربوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
