Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میوزیم میں غلاف کعبہ کے تانبے کے حلقوں کی نمائش

نمائش میں موجود اشیا میں کاپر رنگ (تانبے کے حلقے ) شامل ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں قائم میوزیم (معرض عمارۃ الحرمین) میں تاریخی اشیا اور نوادرات کا ایک ایسا منفرد مجموعہ نمائش کے لیے رکھا گیا ہے جو حرمین شریفین کے طرز تعمیر اور مختلف ادوار میں خانہ کعبہ کی دیکھ بھال کی عکاسی کرتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نمائش میں موجود اشیا میں کاپر رنگ (تانبے کے حلقے) شامل ہیں جو سعودی دور میں خانہ کعبہ کے کسوۃ (غلاف) کو مضبوطی سے نصب کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے تھے۔
تابنے سے بنے یہ رنگ غلاف کعبہ سے متعلق تاریخی اشیا میں شمار ہوتے ہیں اور اس دور میں غلاف کعبہ کو نصب کرنے کے طریقوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
نمائش میں زائرین کو خانہ کعبہ کی نگہداشت سے وابستہ تفصیلات کو جاننے کا موقع ملتا ہے جبکہ ان کی تاریخی اہمیت بھی نمایاں ہوتی ہے۔
میوزیم میں مختلف ادوار سے متعلق متعدد تاریخی نوادرات، تعمیراتی عناصر، کتبے اور دیگر شواہد محفوظ ہیں جو مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی تاریخ کے مختلف مراحل کو اجاگر کرتے ہیں۔
معرض عمارۃ الحرمین میں سات خصوصی ہالز ہیں جن میں خانہ کعبہ کے لیے مختص ہال بھی شامل ہے جہاں کعبے سے متعلق متعدد تاریخی اشیا محفوظ ہیں۔
علاوہ ازیں مسجدالحرام کی قدیم تصاویر، مخطوطات، مسجد نبوی اور آبِ زم زم کے حوالے سے بھی الگ ہال موجود ہیں۔

یہ میوزیم کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس کے قریب ہی واقع ہے جس کا مجموعی رقبہ 1200 مربع میٹر ہے۔ میوزیم کا مقصد تاریخی نوادرات کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ان کے علمی، تاریخی اور تہذیبی پہلوؤں کو بھی اجاگر کرنا ہے۔

 

شیئر: