پاکستان کا اسرائیل کے خلاف شطرنج میچ کا بائیکاٹ، سمرقند میں کیا ہوا؟
جمعرات 17 ستمبر 2026 10:31
چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر کے مطابق اس فیصلے کا مقصد فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی تھا۔ (سی ایف پی)
ازبکستان کے شہر سمرقند میں جاری 46ویں فائیڈ ورلڈ چیس اولمپیاڈ میں پاکستان نے پہلے راؤنڈ میں اسرائیل کے خلاف مقررہ میچ کا بائیکاٹ کر دیا۔
پاکستان اور اسرائیل کے درمیان اوپن سیکشن کا میچ 16 ستمبر کو شیڈول تھا، تاہم پاکستانی ٹیم نے چاروں بورڈز پر اپنے کھلاڑی میدان میں نہیں اتارے۔ نتیجتاً ٹورنامنٹ کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق اسرائیل کو چاروں مقابلوں میں واک اوور ملا اور میچ کا نتیجہ 4-0 رہا۔
پاکستان نے بائیکاٹ کیوں کیا؟
چیس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر سید ذیشان نقوی کے مطابق پاکستان کی اسرائیل کے حوالے سے واضح اور مستقل پالیسی ہے اور فیڈریشن حکومت کی پالیسی کے خلاف اسرائیل کے ساتھ میچ میں حصہ نہیں لے سکتی۔
ذیشان نقوی نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی بھی تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا یہ فیصلہ عالمی شطرنج سے دستبرداری نہیں ہے اور پاکستان بین الاقوامی کھیلوں میں شرکت جاری رکھے گا، تاہم اسرائیل کے حوالے سے حکومت کے سرکاری مؤقف کی پاسداری کی جائے گی۔
کیا پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا؟
اسرائیل کے خلاف صرف یہ ایک میچ بائیکاٹ کیا گیا ہے۔ پاکستان بدستور چیس اولمپیاڈ میں شامل ہے اور اگلے راؤنڈ میں اس کا مقابلہ سیشلز سے 17 ستمبر کو شیڈول ہے۔
چیس اولمپیاڈ میں ٹیمیں سوئس سسٹم کے تحت مجموعی طور پر 11 راؤنڈز کھیلتی ہیں، اس لیے ایک میچ میں واک اوور ملنے کے باوجود پاکستان باقی راؤنڈز میں شرکت جاری رکھ سکتا ہے۔
پاکستان کی جانب سے کون کون شریک ہے؟
اولمپیاڈ کے اوپن سیکشن میں پاکستان کی ٹیم کے کپتان راجہ گوہر ہیں، جبکہ ٹیم میں دیگر پانچ کھلاڑی شامل ہیں۔ محمد وقار کی ریٹنگ 2188، عامر کریم کی ریٹنگ 2147، مفاعز خالد 2057، زمان سہیل 1935 جبکہ زوریض شبخیز کی ریٹنگ 1933 ہے۔
ٹورنامنٹ کے ریکارڈ کے مطابق اسرائیل کے خلاف چار بورڈز پر محمد وقار، عامر کریم، مفاعز خالد اور زمان سہیل کی جوڑی بنائی گئی تھی، لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے بورڈ پر بیٹھ کر میچ نہیں کھیلا۔
پاکستان نے خواتین کے مقابلے میں بھی ٹیم بھیجی ہے، جس کی کپتان واصف نثار ہیں۔ خواتین کی ٹیم میں حفیظہ مشال رشید، زینب رحمان، WCM زینوبیا واصف، AFM فریحہ صدیقی اور ملیحہ علی شامل ہیں۔
چیس اولمپیاڈ کیا ہے؟
فائیڈ ورلڈ چیس اولمپیاڈ دنیا کے بڑے بین الاقوامی شطرنج مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس میں مختلف ممالک کی قومی ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔
2026 کا ایونٹ 15 سے 27 ستمبر تک سمرقند میں جاری ہے۔ اوپن اور خواتین کے الگ الگ مقابلے ہو رہے ہیں اور اس ایڈیشن میں 400 ٹیمیں شریک ہیں، جن میں 208 اوپن اور 192 خواتین کی ٹیمیں شامل ہیں۔